ایف اے فٹبال کپ، چیلسی اور مانچسٹر سٹی ٹورنامنٹ سے باہر

ایف اے فٹبال کپ، چیلسی اور مانچسٹر سٹی ٹورنامنٹ سے باہر

لندن (این این آئی)انگلینڈ میں فٹبال کے ایف اے کپ مقابلوں میں ملک کے دو بڑے فٹبال کلبوں چیلسی اور مانچسٹر سٹی کی ٹیمیں چوتھے راؤنڈ میں غیر معروف ٹیموں سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔انگلش پریمیئر لیگ میں ابتدائی دو پوزیشنز پر براجمان لندن کے کلب چیلسی اور مانچسٹر کے مانچسٹر سٹی کو بالترتیب بریڈفرڈ اور مڈلزبرو نے شکست دی۔چیلسی کے ہوم گراؤنڈ سٹیمفرڈ برج میں کھیلے گئے میچ میں ایک موقع پر چیلیسی کو صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل تھی۔یہ برتری کیہل اور رمیرز نے 21ویں اور 38ویں منٹ میں گول کر کے دلوائی تاہم پھر بریڈفرڈ سٹی کی ٹیم میچ میں واپس آئی اور 41ویں منٹ میں سٹیڈ کے گول کی بدولت چیلسی کی برتری کم کر دی دوسرے ہاف میں مہمان ٹیم نے اپنے سے کہیں بہتر کھلاڑیوں پر مشتمل چیلسی کی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور موریس، ہالیڈے اور یئیٹس کے گولوں کی بدولت یہ میچ چار دو کے سکور سے جیت لیا۔چیلسی کے مینیجر ہوزے مورینہو نے کہا کہ وہ چوتھے راؤنڈ میں اپنی ٹیم کی اس شکست پر ’پشیمان اورشرمندہ ہیں۔مورینہو نے کہا کہ ایک بڑی ٹیم کے لیے نچلی لیگ سے تعلق رکھنے والی ایک چھوٹی ٹیم سے ہارنا اس کی بے عزتی ہے اور مجھے اور کھلاڑیوں کو شرمندہ ہونا چاہیے دن کے دوسرے اپ سیٹ میں مڈلزبرو نے مانچسٹر سٹی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ میچ کے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی اور دوسرے ہاف میں میچ کے 53ویں منٹ میں بیمفرڈ نے گول کر کے مڈلزبرو کو برتری دلوائی بعدازاں میچ کے 90 ویں منٹ میں گارسیا مارٹینز نے مڈلزبرو کے لیے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔یہ لگارتار دوسرا برس ہے کہ مانچسٹر سٹی کو چیمپیئن شپ کھیلنے والی کسی ٹیم نے ایف اے کپ سے باہر کیا ہے۔ گذشتہ برس اسے وگن کی ٹیم نے ہرایا تھا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی