واشنگٹن،امریکہ کے 2 طیاروں میں بم کی اطلاع افواہ نکلی ، تلاشی کے بعد جہازوں کو کلیئر قراردیدیا گیا

واشنگٹن،امریکہ کے 2 طیاروں میں بم کی اطلاع افواہ نکلی ، تلاشی کے بعد جہازوں ...

 واشنگٹن(اے این این)امریکہ کے دو طیاروں میں بم کی اطلاع افواہ نکلی ، تلاشی کے بعد دونوں جہازوں کو کلیئر قراردیدیا گیا ۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی پولیس نے ان دو طیاروں کو تلاشی کے بعد محفوظ قرار دیا ہے جنھیں بم کی موجودگی کی اطلاعات پر امریکی ریاست جورجیا میں اٹلانٹا کے ہوائی اڈے پر اتارا گیا تھا۔ ہوائی اڈے کے ترجمان ریس میکرین نے کہا کہ پورٹ لینڈ اور ملواکی سے آنے والی امریکی فضائی کمپنیوں ڈیلٹا اور ساتھ ویسٹ کی دو پروازوں کے بارے میں دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔انھوں نے بتایا کہ دونوں طیاروں نے محفوظ طریقے سے لینڈنگ کی اور مسافروں کو بحفاظت طیاروں سے نکال لیا گیا ہے۔بم کی اطلاعات ملنے کے بعد ان مسافر طیاروں کو امریکی فضائیہ کے دو جنگی طیاروں کی زیرِ نگرانی اٹلانٹا کے ہارٹسفیلڈ - جیکسن ہوائی اڈے تک لایا گیا۔حکام کے مطابق ان طیاروں کی تلاشی کے عمل میں پولیس کو بم ڈسپوزل سکواڈ اور دھماکہ خیز مواد سونگھنے کی صلاحیت رکھنے والے کتوں کی مدد حاصل رہی۔

مزید : عالمی منظر