امریکی صدر اوبامہ بھارتی حکام کو مسئلہ کشمیر حل کرنے پر آمادہ کریں:شبیر شاہ
سرینگر(کے پی آئی)حریت کانفرنس جے کے کے رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر امریکی صدر بارک اوبامہ کی آمد پر انہیں یاد دلایا کہ صدارتی انتخابات کے دوران انہوں نے امریکہ میں مقیم کشمیری عوام سے وعدہ کیا تھا کہ امریکہ کی قیادت سنبھالتے ہی وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کشمیر حل کرنے کے لئے ایک صلح کار کی تعیناتی عمل میں لائے گا ۔ شاہ نے کہا اوبامہ کو اپنے بھارت دورے کے دورا ن بھارتی رہنماؤں کو اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے آمادہ کرنا چا ہیے ۔۔اپنے بیان میں شبیر شاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک حساس مسئلہ ہے اور اگر اسے حل کرنے کی کوشش نہ کی گئی تو بر صغیر کے خرمن امن میں ایک معمولی چنگاری سے آگ لگ سکتی ہے اور بھارت اور پاکستان کے جوہری ہتھیار برصغیر میں قیامت خیز تباہی مچاسکتے ہیں۔انہوں نے بھارت کی ہٹ دھرمی کو امن کے قیام میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک اہم فریق کی حثییت سے تنازۂ کشمیر کو حل کرنے کی ہر دفعہ پہل کی اور مثبت رویہ اپنایالیکن بھارت نے پاکستان کی پیشکش کا کبھی بھی مخلصانہ جواب نہیں دیا۔ اور نہ ہی جموں کشمیر میں معصوم عوام کے خلاف کی جارہی غیر انسانی کارورائیوں اور قتل و غارت گری کو روکنے کے لئے فوجیوں کو جوابدہ بنانے کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا ۔ شبیر شاہ نے امید ظاہر کی کہ جموں کشمیر کے عوام کی دیرینہ مانگ اور مطالبہ آزادی کے پیش نظر امریکی صدر اپنے بھاتی دورے کے دوران بھارتی حکام کو مسئلہ کشمیر حل کرنے پر آمادہ کریں گے اور برصغیر کے دیرپا امن قائم کر نے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے اپنے وعدے کو پورا کریں گے ۔