اوبامہ کا شنزو ایبے کو فون،جاپانی شہری کے قتل پر تعزیت ،اظہار یکجہتی

اوبامہ کا شنزو ایبے کو فون،جاپانی شہری کے قتل پر تعزیت ،اظہار یکجہتی

 نئی دہلی (آن لائن)امریکی صدر باراک اوبامہ نے اتوار کے روز وزیراعظم شنزوایبے کو ٹیلی فون کرکے دولت اسلامیہ شدت پسندوں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے ایک جاپانی شہری کا سرقلم کئے جانے کے بعد تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا کہ اوبامہ جو اس وقت بھارت کے دورے پر ہیں،نے ایبے کو ٹیلی فون کیا اور جاپانی شہری ہارونا یوکاوا کے قتل پر تعزیت کا اظہار کیا اور جاپانی عوام کیلئے یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔انہوں نے مشرق وسطیٰ خطے کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جاپان کی جانب سے نمایاں طور پر امداد میں حصہ لینے کو بھی سراہا۔  دونوں رہنماؤں نے مختلف علاقائی اور عالمی معاملات پر اپنا تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔قبل ازیں صدر باراک اوبامہ نے بھارت روانہ ہوتے ہوئے ائیر فورس ون سے جاری ایک بیان میں دولت اسلامیہ گروپ کی جانب سے ایک جاپانی یرغمالی کو قتل کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔اوبامہ نے کہا کہ امریکہ جاپانی شہری ہارونا یوکاوا کے دہشتگرد گروپ کے ہاتھوں وحشیانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے،ان کا حوالہ آئی ایس گروپ کی جانب تھا۔

مزید : عالمی منظر