صوبائی وزیر زراعت کا شادمان اتوار بازار میں ناقص سیکیورٹی انتظامات پر اظہار برہمی

صوبائی وزیر زراعت کا شادمان اتوار بازار میں ناقص سیکیورٹی انتظامات پر اظہار ...

 لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لینے کیلئے شادمان اتوار بازار کا ہنگامی دورہ کیا دورہ کے دوران وزیر زراعت نے اتوار بازار کے داخلی راستے پر خراب میٹل ڈیٹکٹر پکڑ لیا اور سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ڈاکٹر فر خ جاوید نے مارکیٹ کمیٹی اور ٹاؤن انتظامیہ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کے ذمہ داران کو نوکریوں سے برطرف کیا جائے گا انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ بازار میں افسر نہیں بلکہ عوام کے خادم بن کر ڈیوٹی سرانجام دیں قبل ازیں ڈاکٹر فرخ جاوید نے شادمان اتوار بازار کے دورہ کے دوران مختلف سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا انہوں نے اتوار بازار میں خریداروں سے سبزیوں کی فراہمی اور کوالٹی بارے دریافت کیا صارفین نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی کو سراہتے ہوئے حکومتی کاوشوں پرانکا شکریہ ادا کیا۔ وزیر زراعت نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اطمینان ہی حکومتی مشن ہے انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی ریٹیل اور تھوک قیمتوں میں فرق کو کم کر کے شہریوں کو ریلیف دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سبزیوں کے دام گزشتہ دنوں کی نسبت کم ہوئے ہیں جن میں مزید کمی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مقرر شدہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1