بجلی،گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ، وسیم اختر

بجلی،گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ، وسیم اختر

لاہور(خبرنگار خصوصی)پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے ملک میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کی نااہلی اور مکمل ناکامی قرار دیاہے۔ پٹرول بحران کے بعد بجلی کے ایک بار پھر بدترین بحران سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت کے بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے جھوٹے ہیں حکمران جھوٹ کاسہارالے کر عوام کوطفل تسلیاں دے رہے ہیں جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے بجلی،گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے پوراملک اندھیروں میں ڈوباہواہے کاروبار زندگی عملاً مفلوج ہوچکا ہے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے لوگ بلبلا اٹھے ہیں بجلی،گیس کی لوڈشیڈنگ اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ نے عوام کابھرکس نکال دیا ہے مہنگائی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کما نا مشکل ہوگیا ہے غیر ملکی قرضوں کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل میں بھی دن بدن اضافہ ہورہاہے عوامی مسائل اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ غریب اور عام آدمی نہ جی سکتاہے اور نہ مرسکتا ہے۔

مسلم لیگ (ن)کی حکومت کودوسال ہونے کوہیں مگر 18کروڑ عوام کوریلیف فراہم کرنے کے دعوے صرف اشتہارات تک دکھائی دیئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جوحکومت عوام کو بجلی،گیس اور بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مہنگائی وبیروزگاری کا خاتمہ نہیں کرسکتی ایسی حکومت کے برسراقتدار رہنے کاکوئی جوازباقی نہیں رہتا۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ ملک میں اس وقت شدید انرجی بحران ہے۔نوازشریف حکومت بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کے فوری عملی اقدامات کرے۔کالاباغ ڈیم سمیت دیگر ڈیم بنائے جائیں تاکہ ملک ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن ہوسکے۔حکومت انرجی بحران کے خاتمے کواپنی اولین ترجیح بنائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...