سندھ میں مارشل لاء لگانے کا مطالبہ سیاسی منافقت ہے،محمد جمیل

سندھ میں مارشل لاء لگانے کا مطالبہ سیاسی منافقت ہے،محمد جمیل

لاہور(پ ر) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ دو سابق وزرائے اعلیٰ کا صرف سندھ میں مارشل لا لگانے کا مطالبہ سیاسی منافقت کی بھونڈی مثال ہے، انہوں نے ایک بیان میں کہا ڈاکٹر ارباب رحیم اور لیاقت جتوئی مارشل لاء کی پیداوار ہیں جو سمندر پار بیٹھے شخص کی زبان بول رہے ہیں اگر انہیں مارشل لا اتنا ہی راس ہے توپورے ملک میں مارشل لاء کا مطالبہ کریں تاکہ وفاق اور پنجاب پر براجمان کرپٹ ٹولے سے بھی عوام کو نجات مل سکے،انہوں نے کہا مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت نے غریبوں کو زندہ درگور کردیا ہے اور ملک میں کوئی بھی ادارہ اپنے آئینی کردار ادا نہیں کررہا ،بجلی اور گیس کے بحران نے لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے حتیٰ کہ گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں ،مہنگائی،بے روزگاری ،بدامنی ،لوٹ مار اور قتل وغارت میں اضافہ نالائق حکمرانوں کے گڈ گورنس کے دعوؤں کی نفی ہے،حکومت کی ناقص اقتصادی پالیسیوں سے عام آدمی کا جینا دوبھر ہوچکا ہے اورعوام کا کوئی پرسان حال نہیں،تعلیم کا براحال اور ہسپتالوں میں ادویات نہیں جبکہ تھانے رشوت کی آماجگاہ بن گئے ہیں، محکمہ مال میں وسیع پیمانے ہونیوالی بدعنوانیاں بیڈ گورنس کی روشن مثال ہیں،ان حالات میں قوم کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ حکمران مستعفی ہوکر گھر جائیں تاکہ نئے عام انتخابات کی راہ ہموار ہوسکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1