ویلفیئر انڈسٹریل آرگنائزیشن کا مریضوں کے ڈائیلسز اخراجات برداشت کرنے کا اعلان

ویلفیئر انڈسٹریل آرگنائزیشن کا مریضوں کے ڈائیلسز اخراجات برداشت کرنے کا ...

لاہور(خبر نگار)فیروز پور روڈ ویلفیئر انڈسٹریل آرگنائزیشن نے جنرل ہسپتال کے ڈائیلسز سنٹر میں زیر علاج ہر ماہ پانچ مریضوں کا خرچ برداشت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدید طبی آلات کی خریداری کے لیے ہسپتال کو خطیر عطیات بھی جلد دیں گے۔ فیروز پور روڈ ویلفیئر انڈسٹریل آرگنائزیشن کے چیئرمین ادیب اقبال شیخ اور دیگر عہدیداراروں نے گزشتہ روز ایل جی ایچ کا دورہ کیا وفد کے ارکان نے ہسپتال میں قائم عالمی معیار کی سہولیات سے لیس ڈائیلسز سنٹر دیکھا اور مریضوں کے علاج معالجے اور دیکھ بھال سے متاثر ہوئے۔ اس موقع پر ہسپتال کے انتظامی ڈاکٹرز اور انجمن بہبودی مریضاں کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ یاسر اعجاز نے وفد کے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرنسپل پی جی ایم آئی و جنرل ہسپتال پروفیسر انجم حبیب وہرہ کے ادارے کا انتظام سنبھالنے کے بعد اب تک مخیر حضرات اور مختلف فلاحی تنظیمیں ہسپتال کو 15کروڑ روپے سے زائد کا عطیات دے چکی ہیں جن سے مریضوں کو ان کے بستروں پر آکسیجن کی فراہمی سمیت بیسیوں فلاحی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انہی عطیات کی مدد سے آئندہ چند روز تک ایمرجنسی وارڈ کے باہر مریضوں کے لواحقین کی سہولت کے لیے شیڈ کی تعمیر بھی مکمل کرلی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4