پٹرول ،بجلی اور گیس کا نہیں حکومت کا اپنا \"بریک ڈاؤن \"ہو چکا ہے، عبد العلیم

پٹرول ،بجلی اور گیس کا نہیں حکومت کا اپنا \"بریک ڈاؤن \"ہو چکا ہے، عبد العلیم

 لاہور (کامرس رپورٹر) تحریک انصاف ضلع لاہورکے صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے تنظیمی معاملات کا از سر نو جائزہ لینے اور یونٹ وٹاؤن کی سطح پر غیر فعال عہدیداروں کو تبدیل کر کے ان کی جگہ فعال اور متحرک کارکنوں کو آگے لانے کا اعلان کر دیا ہے ۔پی ٹی آئی کے ضلعی صدر نے کہا کہ ٹاؤن صدور اور مختلف شعبہ جات کے سر براہان سے ملنے والی رپورٹس کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے ہوم ورک کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں پارٹی چیئر مین عمران خان کو بھی اعتماد میں لیا جا رہاہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پٹرول ،بجلی اور گیس کا نہیں حکومت کا اپنا ہی \"بریک ڈاؤن \"ہو چکا ہے حکمرانوں نے خود ہی تحریک انصاف کا کام آسان کر دیا ہے وزراء حکومت کو \"مِس گائیڈ \"کرتے ہو ئے جو ڈیشل کمیشن بنانے کی بجائے لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں لیکن کسی کو شک میں نہیں رہنا چاہئے۔پی ٹی آئی کے کارکن انتہائی پُر جو ش ہیں اور انشاء اللہ احتجاج کا آئندہ مرحلہ فیصلہ کن ثابت ہو گا۔   عبدالعلیم خان نے دھرنے میں شرکت کرنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جلد تعریفی اسناد ینے کا اعلان کیا جس کے مہمانے خصوصی عمران خان ہوں گے۔ ۔پی ٹی آئی کنونشن سے خطاب کرتے ہو ئے شعیب صدیقی اور شفقت محمودنے کہا کہ پارٹی کے تمام شعبے عمران خان اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے دن رات کام کر تے رہیں گے مقرر ین نے پارٹی کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پالیسیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ۔کنونشن میں عمران ٹائیگر اور ٹائیگرس فورس کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پارٹی کی مضبوطی اور ممبر شپ کے فوری آغاز کا اعلان کیا ۔اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی میاں اسلم اقبال ،سعدیہ سہیل اور شہنیلا روت نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ ضلعی عہدیداران میاں حامد معراج، میا ں افتخار،جمشید بٹ، منشاء سندھو ،سیکرٹری اطلاعات فرخ جاوید مون ،شیخ عامر خواتین عہدیداران ڈاکٹر زرقا ، ثانیہ کامران،سارہ احمد،انیلہ ساجد بیگ اور ڈاکٹر جویریہ موجود تھے۔پارٹی کارکنوں نے پُر جوش انداز میں گو نواز گو اور کون بچائے گا پاکستان عمران خان عمران خان کے نعرے بھی لگائے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4