اوبامہ آج بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے

اوبامہ آج بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے

نئی دہلی ( اے این این)امریکی صدر باراک اوبامہ تین روزہ سرکاری دورے پربھارت پہنچ گئے،نئی دہلی میں ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا ،گارڈ آف آنرپیش کیا گیا ،21توپوں کی سلامی دی گئی اورایئر پورٹ پر بھارتی وزیر اعظم سمیت اعلیٰ حکام نے خیر مقدم کیا،باراک اوبامہ نے بھارتی صدر پرناب مکھر جی اوروزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقاتیں کیں،دوطرفہ تعلقات،باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال،باراک اوبامہ (آج) بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے۔صدراوباما کو نئی دہلی کے موریا شرٹن ہوٹل لا یا گیا اس موقع پر دارالحکومت نئی دہلی میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ امریکی صدر راشٹر پتی بھون پہنچے تو بھارتی صدر پرناب مکھرجی اور بھارتی وزیر اعظم مودی نے ان کا استقبال کیا امریکی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 21توپوں کی سلامی دی گئی ،اس موقع پر دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے ،امریکی صدر سے بھارت کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا گیا ،امریکی صدر کی بھارت آمد پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ،ہزاروں سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ،کئی سڑکوں پر عوام کا داخلہ ممنوع تھا ،کئی گلیوں کو ریت کی بوریوں کی مدد سے بند کیا گیا ،دہلی میں 15ہزار سیکیورٹی کیمر ے نصب کئے گئے ،بھارتی میڈیا کے مطابق 165کیمرے راج پاتھ کے کنگز ایونیو میں نصب کئے گئے جہاں وہ بیٹھ کر یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھیں گے ،کیمروں کے کنٹرول روم میں امریکی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے ،امریکی صدر کی حفاظت کیلئے امریکا کے 1500سیکیورٹی اہلکار پریڈ کے دوران تعینات ہونگے ۔ اوباما دہلی کے فائیو سٹار ہوٹل موریا شیرٹن میں قیام کرینگے یہ ہوٹل امریکی صدور کا پسندیدہ رہا ہے ،سابق صدر بل کلنٹن اور جارج ڈبلیو بش نے بھی اسی ہوٹل کا انتخاب کیا تھا خود صدر اوباما نے 2010میں اسی ہوٹل کو ترجیح دی تھی، ہوٹل کے 438کمرے صدر اوباماکے وفد اور سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے بک کر لئے گئے ہیں ۔بھارت پہنچنے کے بعد صدر اوبامہ نے پہلے بھارتی صدر پرناب مکھر جی اور بعد میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی صدر(آج) پیر کو بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔اوبامہ کے ہمراہ ان کی اہلیہ مشل اوبامہ بھی ہیں۔ مشل اوبامہ نے باراک اوبامہ کے گزشتہ دورہ بھارت میں لوگوں کے ساتھ ڈانس کر کے کافی پزیرائی حاصل کی تھی۔ سعودی ولی عہد شاہ عبد اللہ کی وفات کی وجہ سے امریکی صدر نے بھارت کا دورہ مختصر کر رکھا ہے وہ تاج محل آگرہ نہیں جائیں گے ۔ وہ 27جنوری کو سعودی ولی عہد شاہ عبد اللہ بن عبد العزیز کی وفات پر تعزیت کیلئے ریاض جائیں گے ۔

مزید : صفحہ اول