21ویں ترمیم میں کچھ لوگوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ،حافظ حسین

21ویں ترمیم میں کچھ لوگوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ،حافظ حسین

جیکب آباد(اے این این) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ جو جماعتیں مارشل لاءکو دعوت دے رہی ہیںاس لیے کہ 21ویں ترمیم میں کچھ لوگوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے اورجے یو آئی کے 21ویں ترمیم کے حوالے سے تحفظات اور احتجاج نے حکومت کو صورتحال کو تبدیل کرنے پر مجبور کردیا ہے، اس لیے کچھ جماعتوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے اگردہشت گردی کو عمومی سطع پر ختم کرنے کا فیصلہ ہوا تو سب سے زیادہ لپیٹ میں آنے والے وہ ہونگے ۔وہ اتوار کے روز ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ، حافظ حسین احمد نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جب مارشل لاءعدالتیں ہو یا مارشل لاءپوری وردی میں ہو ہر قسم کی دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں کی گردنیں ناپی جائیں گی ،بعض لوگوں کو وردی والے فرد واحد سے ڈیل کرنا آسان لگ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ 21ویں ترمیم کے حوالے سے جے یو آئی اور دیگر جماعتوں کے موقف میں واضح فرق نے 20کروڑ عوام پر ثابت کردیا ہے کہ فوجی عدالتوں اور مارشل لاءکے حامی کون ہیں اور جمہوریت و آئین کا ساتھ کس نے دیا ، انہوں نے کہا کہ کل ایم ایم اے کو ”ملاں ملٹری الائنس “ کہنے والے آج ”میاں ملٹری الائنس“ اور ”متحدہ ملٹری الائنس“ بن رہے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات کے حوالے سے ان دنوں کھینچا تانی عروج پر ہے اور اس لیے پی ٹی آئی کے استعفوں کو شرف قبولیت بخشا گیا ،بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کے درمیان جاری اختلافات کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب اختلافاتی مرض بڑھتا جائے گا کیونکہ ہر ”دوسری شادی “سیاسی اور وراثتی اختلاف کی آگ کو بھڑکاتی ہے ویسے بھی سردی میں آگ کے بھڑکانے کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں رہا۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...