بچوں پر حملے کرنیوالے، دہشتگرد بزدل ہیں ،ہمارے سامنے آ کر لڑیں ،قبائلی عمائدین
مہمند ایجنسی(اے این این)مہمند ایجنسی کی امن کمیٹی کے اراکین و قبائلی عمائدین نے کہا ہے کہ بچوں پرحملے کرنیوالے دہشت گرد بزدل وڈرپوک ہیں،اگر وہ لڑنا چاہتے ہیں تو پاک فوج اور ہمارے سامنے آکر لڑیں، اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں،سانحہ پشاور نے قبائلیوں سمیت ہر محب وطن شخص کو ہلا کر رکھ دیا ،دہشت گرد سکولوں، ہسپتالوں اور مسجدوں پر حملے کرکے پاکستان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جنہیں ان کے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ مہمند یجنسی کی تحصیل حلیم زئی کے علاقے سنگر میں حلیم امن کمیٹی کے سربراہ حاجی محمد علی کے حجرے میں امن کمیٹی اور قبائلی عمائدین نے امن و امان برقرار رکھنے اور علاقہ سے دہشت گردی کے خا تمے کے حوالے سے ایک گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا جس میں مہمند ایجنسی سمیت ملک کی موجودہ امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ،جرگے کی سربراہی امن کمیٹی کے رہنما محمد علی نے کی جس میں کثیر تعداد میں قبائلی عمائدین اور علاقے کے لوگوں نے شرکت کی۔ جر گے سے خطاب کر تے ہوئے امن کمیٹی کے سر براہ محمد علی نے کہا کہ قبائلی عوام نے دہشت گردی کی جنگ میں بڑی قر با نیاں دی ہیں اور ہم نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیا ، ظلم کے خلاف آواز اٹھا ئی ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد ملک کی تبا ہی کے در پے ہیں اور جو پاکستان کے دشمن ہے وہ ہمارا مشترکہ دشمن ہے،قبائلی عوام نے ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے جا نوں کے نذرانے دیے اورآئندہ بھی دیتے رہینگے۔قوم کی سرکاری املاک کی حفاظت یقینی بنائیں گے ، سانحہ پشاور نے قبائلیوں سمیت ہر محب وطن شخص کو ہلاکر رکھ دیا ، دہشت گردہمارے بچوں کے ہاتھوں سے قلم تک چھیننا چاہتے ہیں اور ہمیں پتھر کے زمانے میں واپس لے جا نا چا ہتے ہیں مگر ہم ایسا نہیں ہونے دینگے ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد ہمارے بچوں کے سکول اڑا رہے ہیں ،ہسپتالوں اور مساجد میں دھماکے کررہے ہیں کیا انہیں صرف معصوم مسلمانوں کیخلاف ہی جہاد نظر آرہا ہے ؟ دہشت گرد جہاد نہیں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں اور دہشت گرد ہمیں پسماندہ اور جا ہل قوم بنانے کے در پے ہیں ،ہمیں ان کے عزائم ملکر نا کام بنا نے ہو نگے اور ہمیں اتفاق و اتحاد کا مظا ہرہ کر نا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور نہ ہی اسلام بے گناہ لوگوں کے قتل عام کی اجا زت دیتا ہے،اسلام میں سکولوں ،ہسپتالوں،مساجد اور سر کاری املاک کو اڑانے کا کوئی تصور نہیں ہے، دہشت گرد مسلمانوں اور اسلام کے مشترکہ دشمن ہیں ،یہ بزدل اور ڈر پوک لوگ ہیں جوہمارا اور پاک فوج کا مقابلہ کرنے کی بجائے بچوں کے سکولوں پر حملے کررہے ہیں۔