اظہر علی نے گلے شکوے بھول کر عامر کو گلے لگا لیا

اظہر علی نے گلے شکوے بھول کر عامر کو گلے لگا لیا
اظہر علی نے گلے شکوے بھول کر عامر کو گلے لگا لیا

  

ویلنگٹن (ویب ڈیسک) پاکستانی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بھی گلے شکوے بھو ل کر عامر کو گلے لگا لیا، ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں میری جو بھی رائے تھی اسے بھول کر اب آگے بڑھنا ہو گا، بطور کپتان میرا کام سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے، پیسر کی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنے کی کوشش کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ محمد عامر کی تربیتی کیمپ میں شمولیت پراظہرعلی اور محمد حفیظ نے تربیتی کیمپ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا بعد ازاں پیسر کی شمولیت پر برہم قومی ون ڈے کپتان نے قیادت سے استعفیٰ بھی دیدیا ، مگر چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے سمجھا بجھا کر انھیں فیصلہ تبدیل کرنے پر قائل کر لیا، اب اظہر علی کیویز کیخلاف سیریز میں عامر سمیت اسکواڈ کی قیادت کر رہے ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ میری پیسر سے بات ہوئی، انھوں نے ٹی ٹوئنٹی میچز میں اچھی بولنگ کی ، ون ڈے میں بھی ان سے عمدہ کارکردگی کی امید ہے ، بطور کپتان عامر کی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنے کی کوشش کر وں گا۔ پاکستان میں پیسر کے ساتھ کھیلنے سے انکار اور اب قیادت پر تیار ہونے کے سوال پر اظہر علی نے کہا کہ ماضی میں میرا جو بھی موقف تھا اب ہم آگے بڑھ چکے اور ایک ٹیم کے طور پر متحد ہیں، عامر کے بارے میں جو بھی فیصلہ ہوا پی سی بی کی صوابد ید تھا، اس بارے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا، میرا کام ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ڈریسنگ روم میں بہتر ماحول برقرار رکھنا ہے، ہماری نظریں آنے والے چیلنج پر مرکوز ہیں، امید ہے کہ عامر بہترین بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے وکٹیں حاصل کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز کے پیش نظر سیریز میں فاسٹ بولرز کا کردار اہم ہو گا ، محمد عرفان کی شمولیت سے ہماری پیس بیٹری بہترہو گئی۔

مزید :

کھیل -