حکومت نے خواتین کی بہتری کیلئے بلا سود قرضوں کا اجراء کیا،حمیدہ وحیدالدین
لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیربرائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے خواتین کی معاشی ترقی کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی سمیت متعدد عملی اقدامات کئے ہیں وہ لاہور چیمبر آف کامرس میں’’وویمن ایمپاورمنٹ اینڈ وویمن ایڈووکیسی فورم‘‘کی مشترکہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ اجلاس میں شیریں ارشد خان ، مسز سرور، طاہرہ، مسز راج، فوزیہ محمود قصوری، ناصرہ ، آسیہ خان، عائشہ اور دیگربزنس وویمن نے شرکت کی اور مختلف کاروبار کرنے والی خواتین کو درپیش مسائل برآمدات ، قرضوں اور حکومتی سبسڈی کے حوالے سے خطاب کیا۔
صو
بائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ترقی خواتین نے اپنے قیام کے بعد سے خواتین کے لیے متعدد اہم اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کے قیام کا مقصد خواتین کو معاشی، سیاسی اور قانونی طور پر مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں خواتین اہم کردار ادا کررہی ہیں حمیدہ وحیدالدین نے یوتھ بزنس لون، خود روزگار پروگرام اور دیگر اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’وویمن ایکسپو‘‘ کے لیے تجاویز حکومت کو بھیجی جارہی ہیں نیز صنعت زاروں کے ساتھ ’’ڈسپلے سنٹر‘‘ کے قیام اور آن لائن بزنس کے فروغ پر بھی غور کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین کے لیے فاطمہ جناح ایوارڈ کا اجرا کیا گیاہے ہر سال خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب میں میرٹ پر پورا اترنے والی خواتین کو یہ ایوارڈ دیا جاتاہے۔