حکومت سوائن فلو پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے،سیدہ سلونی بخاری
لاہور(لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی رہنما سیدہ سلونی بخاری اور ڈاکٹر زرقا تیمور سہروردی نے کہا ہے کہ حکومت سوائن فلو کو کنٹرول کرنے میں بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے محکمہ صحت کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ اس محکمے کا کوئی وزیر نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں کی صورت حال انتہائی خراب ہو چکی ہے کبھی ان ہسپتالوں سے بچے اغواء ہوتے ہیں کبھی فائرنگ ہوتی ہے تو کبھی ہسپتالوں کی انتظامی غفلت کے نتیجے میں عورتوں کو سیڑھیوں پر ہی جان دینی پڑ جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہسپتالوں میں کبھی سوائن فلو جیسی بیماری سے مر رہے ہیں تو کبھی خناق اور وینٹی لیٹرز کی عدم دستیابی کے باعث جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
لیکن وزیر اعلی شہباز شریف صرف انکوائری کمیٹیاں تشکیل دے کر معاملہ ختم کر دیتے ہیں ۔ محکمہ صحت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے لوگ عدالتوں سے رجوع کر رہے ہیں جو پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔