تربیلا توسیعی منصوبہ پشاور میں شوکت خانم کینسر ہسپتال

تربیلا توسیعی منصوبہ پشاور میں شوکت خانم کینسر ہسپتال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مکرمی ! ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے تربیلا کا توسیعی پن بجلی منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر وضع کئے گئے تیز تر تکمیلی پروگرام کے تحت 1410میگاواٹ صلاحیت کے تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کی 2017ئتک تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تعمیراتی کام تیز ہو گیا ہے۔ ملک میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے تربیلا توسیعی پروگرام نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ملک میں بجلی کی مانگ میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ اس پراجیکٹ کی بروقت تکمیل سے واپڈا اس قابل ہو سکے گا کہ 2017ئکے ہائی فلو سیزن سے استفادہ کر سکے گا۔ حکومت کو چاہئے کہ اس توسیعی منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ (عظمیٰ سلیم، لاہور)
مکرمی ! پشاور میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کاآغاز نہ صرف ہمارے لئے بلکہ تمام پاکستانیوں کے لئے بڑی خوشی کی بات ہے، کیونکہ ایک عام انسان کو روٹی تو مل جاتی ہے، مگر علاج نہیں ملتا ۔وہ بھی ایسا علاج جو تسلی بخش ہو۔ 2009ء میں میری چار سالہ بیٹی کو بلڈ کینسر ہوا اور شوکت خانم میں اس کا علاج کیا گیا۔اس سے پہلے میں اس بیماری کا نام سُن کر ہی گھبرا جاتی تھی۔ اپنے بچے کو کسی بیماری میں مبتلا دیکھ کر ایک ماں کی کیا کیفیت ہوتی ہے، اس تکلیف سے تو آپ سب ہی واقف ہوں گے ۔مجھے بھی اُس وقت کچھ ایسے ہی حالات کا سامنا کرناپڑا ۔ پھرمیرے اللہ نے مجھے ہمت دی اور شوکت خانم ہسپتال نے میر ے ساتھ جوتعاون کیا وہ قابلِ تعریف ہے۔ یہ میرا ذاتی تجربہ ہے، جس کی وجہ سے میں بڑے وثوق سے یہ کہہ سکتی ہوں کہ اگر آج میری بیٹی اس ہسپتال سے علاج کروانے کے بعد صحت یاب نہ بھی ہوتی، تب بھی اس ہسپتال کے لئے میری زبان پر نیک خواہشات، عمران خان اور ان کی انتظامیہ کے لئے دُعائیں ہوتیں کیونکہ میں یہاں کے طریقہ کار اور منصفانہ علاج سے بے حد مطمئن ہوں۔ میری خواہش ہے کہ میں رہوں یا نہ رہوں، میری بیٹی بڑی ہو کر ڈاکٹر بنے اور اس ہسپتال کا حصہ بن کر دُکھی انسانیت کی خدمت کرے۔ (والدہ: جنت نذیر ڈار، گجرات)

مزید :

اداریہ -