اساتذہ ڈاکٹر مجاہد کامران کی مثبت پالیسیوں کے باعث انکی حمایت کرتے ہیں، ڈاکٹر حسن

اساتذہ ڈاکٹر مجاہد کامران کی مثبت پالیسیوں کے باعث انکی حمایت کرتے ہیں، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حسن مبین عالم، نائب صدر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحبوب حسین اور دیگر منتخب نمائندوں نے پنجاب یونیورسٹی ایگزیکٹو کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر اور میرٹ کو فروغ دینے ، یونیورسٹی کو آزاد ماحول فراہم کرنے اور سیاسی و غنڈہ عناصر سے پاک کرنے کے باعث تمام اساتذہ ڈاکٹر مجاہد کامران کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی قیادت میں یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی اداروں نے پنجاب یونیورسٹی کے تعلیمی معیار میں بہتری آنے کی نشاندہی کی ہے اور پاکستان میں پنجاب یونیورسٹی کو نمبر 1 تعلیمی ادارہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ کے منتخب نمائندے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ڈاکٹر مجاہد کامران کو بطور قائمقام وائس چانسلر لگانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔





اوریہ پاکستان کے سب سے بڑتے تعلیمی ادارے کے بہترین مستقبل کے لئے بہترین فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کے خلاف مظاہرہ کرنے والے وہ چند شرپسند عناصر ہیں جن کے خلاف انکوائریاں چل رہی ہیں، یا ان کے خلاف الزامات ثابت ہو چکے ہیں یا وہ برطرف ہو چکے ہیں یا ریٹائرڈ ہو چکے ہیں یا انتخابات میں بری طرح شکست کھا چکے ہیں وہ اپنے مذموم مقاصد کے لئے پراپیگنڈہ کر رہے ہیں ان عناصر میں اورنگ زیب عالمگیر، منصور سرور، شمائلہ گل، جاوید سمیع، مکشوف اطہر، سمیع عزیر، شہباز چیمہ ، شوکت علی وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر نے عدالتوں اور نیب میں بھی درخواستیں دے رکھی ہیں مگر یہ کسی بھی ادارے کے فیصلے کو قبول نہیں کر رہے جبکہ انتخابات میں بھی اساتذہ کی کمیونٹی نے انہیں بری طرح مسترد کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ پنجاب یونیورسٹی کے بہترین مستقبل کے لئے ان مسترد شدہ عناصر کا دباوٗ کسی صورت قبول نہ کیا جائے جبکہ یونیورسٹی کے اساتذہ کی بھاری اکثریت ڈاکٹر مجاہد کامران کو بطور وائس چانسلر تعینات کرنے کی خواہشمند ہے۔