بھارت، داعش کی حامی 94 ویب سائٹس بند کر دی گئی

بھارت، داعش کی حامی 94 ویب سائٹس بند کر دی گئی

  

نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں داعش کے اثرورسوخ کے خطرہ کا مقابلہ کرنے کیلئے اس دہشتگرد تنظیم کی حامی کم ازکم 94ویب سائٹس بند کر دی گئی ہیں۔ بھارتی اداروں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور انٹی ٹیرارزم سکواڈ کے مطابق بھارت کی کم از کم 10سے 12ریاستوں میں داعش کی اثرو رسوخ کے شواہد ملے ہیں جن میں ریاست مہاراشٹر سرفہرست ہے ۔ اے ٹی ایس کے سربراہ ویوک بھنسا لکر کے مطابق ان ریاستوں کے نوجوانوں کو آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے انتہا پسندی کی طرف راغب کیا جا رہا ہے ۔ اس صورتحال میں اے ٹی ایس داعش کے پروپیگنڈے کو ناکام بنانے کیلئے اپنی ویب سائٹ کے اجراء پربھی غور کر رہی ہے ۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حال ہی میں حراست میں لئے گئے ایک ملزم سافٹ ویئر انجینئر مدبر شیخ نے داعش کے ساتھ رابطوں اور اس تنظیم میں شمولیت کیلئے نوجوانوں سے رابطوں کا اعتراف کیا ہے ۔

مزید :

عالمی منظر -