نیوٹک کے زیر اہتمام بڑے شہروں میں نوکری میلوں کا انعقاد کیا جائیگا

نیوٹک کے زیر اہتمام بڑے شہروں میں نوکری میلوں کا انعقاد کیا جائیگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) قومی کمیشن برائے پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت (نیوٹک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت سے بیروزگاری و غربت کا خاتمہ کر کے ملک کی تقدیر بدل دیں گے، وزیراعظم اسکیم کے تحت آئندہ سال مزید 50 ہزار نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ نیوٹک مہارت مقابلوں کا اہتمام کر رہا ہے، فروری کے آخری ہفتے میں ملک کے بڑے شہروں میں نوکری میلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیوٹک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ ہماری ترجیحات ملک کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت فراہم کر کے انہیں مفید شہری بنانا اور ملک کے اس عظیم سرمایہ کو ملک کی ترقی کے لئے استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور تربیت فراہم کر کے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں پیشہ ورانہ تربیت طرز کی تعلیم سے حکومتوں کی دلچسپی کے باعث آج ہمارے پاس ڈگری بردار نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جن کا کام نوکری کے لئے دفاتر کے چکر لگانا اور اخبارات کے اشتہاروں کو چھاننا ہے۔
ایسے نوجوان دلبرداشتہ ہو کر جرائم اور دہشت گردی کی طرف مائل ہوتے ہیں، ان مسائل کا ایک ہی حل پیشہ ورانہ تربیت کا فروغ ہے اور یہ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے موثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صورت میں ہمارے پاس موجود یہ انسانی سرمایہ تیل اور سونے سے بڑا خزانہ ہے اور یہ ملک کی تقدیر سنوار دے گا۔ ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر کے ملک کے اندرون و بیرون ملک بہتر روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ اس سے ملک میں غربت کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک سے آنے والے زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بین الاقوامی معیار کے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کے لئے جی آئی زیڈ کے مشکور ہیں جن کا نظام کی بہتری اور اصلاحات کے لئے اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹک میں ’’جاب پلیسمنٹ سینٹر‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے جس کا کام ہنر مند افرادی قوت کو اندرون و بیرون ملک نوکریوں کی فراہمی کے لئے معاونت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹک ملک بھر میں مہارت میلہ کا اہتمام کر رہا ہے جس میں ملک کو مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے اور پیشہ ورانہ تربیت کے حامل افراد کے درمیان 10 شعبوں بشمول الیکٹرانکس، پلمبرنگ، کارپینٹر، آئی ٹی، کیڈ، فیشن ڈیزائننگ، کوکنگ، بیوٹی پارلر، میں مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ زون کی سطح میں پہلے نمبر پر آنے والے کو 20 ہزار اور صوبے کی سطح پر اپنے شعبے میں پہلے نمبر پر آنے والے کو 50 ہزار روپے کے انعامات دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فروری کے آخر میں ملک کے بڑے شہروں میں نوکری میلے کا اہتمام کیا جائے گا جس کا مقصد پیشہ ورانہ تربیت کے حامل افراد اور صنعت کاروں میں رابطہ قائم کرنا ہے۔ اس سے ہنر مند افراد کو روزگار کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ایک بڑا شعبہ ہے، بدقسمتی سے زراعت کے شعبہ میں ہنر مند افراد کی شدید کمی ہے۔ اس شعبہ میں افراد کو بہتر تربیت فراہم کر کے روزگار کے ساتھ ساتھ زراعت کے شعبہ کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارما سیوٹیکل کے شعبہ میں صرف پنجاب میں 50 ہزار ہنر مند افراد کی ڈیمانڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ڈیمانڈ ڈریون ٹریننگ اور کپیسٹی بیسڈ ٹریننگ پروگرام بھی شروع کئے گئے ہیں۔ ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ میڈیا بھی ملک کا ابھرتا ہوا شعبہ ہے جس میں ہنر مند افراد کی ضرورت ہے۔ نیوٹک نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے نیشنل ٹریننگ بیورو کا ایک ہال میڈیا کی تربیت کے لئے مختص کیا ہے جس میں میڈیا سے متعلق مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ نیوٹک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اس موقع پر تربیتی شعبہ کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اعلیٰ معیار کے تربیت فراہم کرنے والے اداروں کی کمی ہے۔ ہر صوبہ میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام پر کام ہو رہا ہے جبکہ وفاق میں ٹیکنیکل یونیورسٹی زیر تعمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر تربیت فراہم کرنے کے لئے بہتر ٹرینرز کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ٹیکنیکل روزگار کو بلو کالر جاب نہیں سمجھا جاتا اس لئے ہمارے نوجوان اس طرف متوجہ نہیں ہوتے۔ نیوٹک اسکولوں، کالجوں میں جا کر طلبہ کی کونسلنگ کر رہی ہے اور اس بارے میں والدین کو بھی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ آپرینٹس شپ کے لئے صنعت کاروں کو آمادہ کیا جا رہا ہے جس میں ٹیکنیکل تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو تنخواہ کا 70 فیصد ادا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کی طرف مائل کرنے کے لئے ’’ہنر مند نوجوان پاکستان کی شان‘‘، ’’اوزار اٹھاؤ، روزگار کماؤ‘‘، ’’اوزار اٹھاؤ، عزت کماؤ‘‘ کے نعرے بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل اسی میں ہے کہ پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک افرادی قوت کی کھپت اور ڈیمانڈ کے لئے سفارت خانوں سے رابطے میں ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیوٹک جو کہ ایک ریگولیٹری باڈی ہے، صوبوں میں تربیت فراہم کرنے والے اداروں ٹیوٹ کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے نصاب کی فراہمی ٹرینرز کی تربیت اور دیگر پروگرام پر عمل کر رہی ہے۔

مزید :

کامرس -