غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے ملک میں بہترین سیاسی اور معاشی صورتحال ہے: خرم دستگیر
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ملک میں بہترین سیاسی اور معاشی صورتحال ہے، مستحکم سیاسی اور معاشی حالات سے غیر ملکی سرمایہ کار اور کاروباری افراد فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر نے ڈیووس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن اور کاوشوں کی بدولت پاکستان معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے اور امید ہے کہ آئندہ ورلڈ اکنامک فورم تک دنیا کو نیا اور بہتر پاکستان نظر آئے گا۔ ورلڈ اکنامک فورم کے 46 ویں اجلاس میں 40 ممالک کے سربراہوں سمیت 2500 سے زائد کاروباری اور تجارتی نمائندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ڈبلیو ای ایف کے اجلاس کے موقع پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور تاجروں سے کہا کہ وہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے تجارتی اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور حکومت توانائی کی فراہمی سمیت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔