بھتیجوں نے ڈنڈوں کے وار کر کے 45 سالہ شخص کو شدید زخمی کر دیا

بھتیجوں نے ڈنڈوں کے وار کر کے 45 سالہ شخص کو شدید زخمی کر دیا
بھتیجوں نے ڈنڈوں کے وار کر کے 45 سالہ شخص کو شدید زخمی کر دیا

  

لاہور(وقائع نگار) ہنجروال کے علاقہ میں زمین کے تنازع پر مخالفین نے ڈنڈوں کے وار کر کے 45 سالہ شخص کو شدید زخمی کر دیا ،متاثرہ شخص انصاف کی فراہمی کے لیے تھانہ کے چکر لگانے پر مجبور ہو گیا۔متاثرہ شخص محمد الیاس نے نمائندہ ’’ پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی ہنجروال کے علاقہ میں 12مرلہ زرعی زمین ہے جو والد کی جانب سے ملی ہے۔ اس کے تین بھائی رحمت ،منور اور فاروق ہیں ۔اس نے بتایا کہ بھائی اپنا حصہ لے چکے ہیں جبکہ اس کی کوئی اولاد نہیں جس کی وجہ سے اس کے بھائی اس کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں ۔اس حوالے سے ان کی کئی بار رحمت اور فاروق اور ان کے بیٹوں کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ایک ماہ قبل 22دسمبر کو وہ اپنی زمین پر گیا جہاں اس کے بھتیجے انور ،فرمان اور منصور موجود تھے، انہوں نے اس پر مختلف قسم کے جملے کسنے شروع کر دئے ۔ الیاس نے ان کو منع کیا تو انہوں نے تلخ کلامی شروع کر دی اور اس کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔دونوں بھتیجوں کے پاس لکڑی کے ڈنڈے تھے جن سے انہوں نے اس کو پیٹا اور اس کا منہ اور سر پھاڑ دیا ۔اتنے میں آس پاس کے کھیتوں میں کام کرنے والے لوگ بھی موقع پر پہنچ گئے اور اس کو بچاتے ہوئے قریبی ہسپتال میں لے گئے ۔الیاس نے موقف اختیار کیا کہ ہسپتال سے فارغ ہو کر وہ کارروائی کے لیے تھانہ ہنجروال میں گیا لیکن پولیس اہلکار اس کی درخواست ہی وصول نہیں کر رہے، پولیس حکام اس کی مدد کریں ۔اس حوالے سے تھانہ ہنجروال میں رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ الیاس نام شخص ان کے پاس ایسی کوئی درخواست نہیں لیکر آیا ۔اگر درخواست آتی تو کارروائی ضرور کی جاتی ،الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔

مزید :

علاقائی -