زلزلہ متاثرین کیلئے 20ملین یو آن کی چینی امدادپاکستان کے حوالے

زلزلہ متاثرین کیلئے 20ملین یو آن کی چینی امدادپاکستان کے حوالے

  

اسلام آباد(آئی این پی /شنہوا)چین نے گزشتہ سال 26اکتوبر کے زلزلہ متاثرین کے لئے 20ملین یو آن کی امدادی اشیاء کی دوسری کھیپ پاکستان کے حوالے کر دی ۔پیر کوپاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے امدادی اشیاء کی دوسری کھیپ پاکستان کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی سٹریٹجک شراکت دار ہیں جن کے لئے ایک دوسرے کی خوشیاں اور غم مشترک ہیں ،چین گزشتہ سال 7.8شدت کے زلزلے سے متاثر ہونے والے پاکستانیوں کے دکھ اور درد کا احساس کرتا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں ۔چین زلزلہ متاثرین تک امدادی سامان پہنچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر ے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے چیئرمین میجر جنرل اصغر نواز نے مشکل وقت میں چینی حکومت اور عوام کی جانب سے زلزلہ متاثرین کے لئے اظہار یکجہتی کرنے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زلزلہ متاثرین کے لئے صرف چین سے امدادی سامان قبول کیا جو کہ دونوں ممالک کے مابین مثالی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے ۔چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی امدادی سامان کی دوسری کھیپ 2950خیمے متاثرین کے لئے شامل ہیں۔چین نے امدادی سامان کی پہلی کھیپ میں انسانی بنیادوں پر 10ملین یوآن کی امداد فراہم کی تھی جس میں 300خیمے ،20ہزار کمبل اور بجلی سے چلنے والے جرنیٹر بھی شامل تھے ۔چین گزشتہ سال زلزلہ کے بعد متاثرین کو امداد فراہم کرنے والا پہلا ملک تھا ،پاکستانی زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے چینی صدر ژی جن پنگ اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاکستانی حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی بھی پیشکش کی تھی ۔ گزشتہ سال 26اکتوبر کو آنے والے زلزلے میں 280سے زائد لوگ جاں بحق جبکہ1770افراد زخمی ہوئے تھے۔زلزلہ کے بعد چین کی ریڈ کراسٹ سوسائٹی نے بھی متاثرین کے لئے ایک لاکھ ڈالرز کی امدادی رقم بطور عطیہ فراہم کی تھی چینی سفارتخانے کی جانب سے بھی کمبل، خوراک کا سامان اور پانی متاثرین کے لئے بھیجا گیا تھا ۔

مزید :

صفحہ اول -