آرمی چیف کے عہدہ سے مقررہ وقت پر ریٹائر ہو جاؤں گا:جنرل راحیل شریف

آرمی چیف کے عہدہ سے مقررہ وقت پر ریٹائر ہو جاؤں گا:جنرل راحیل شریف
 آرمی چیف کے عہدہ سے مقررہ وقت پر ریٹائر ہو جاؤں گا:جنرل راحیل شریف

  

راولپنڈی(مانٹیرنگ ڈیسک،اے این این،آن لائن) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے مقررہ وقت پر ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کرتے ہوئے مدت ملازمت میں توسیع لینے کی قیاس آرائیوں کی تردید کر دی۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا ، مقررہ وقت پر ملازمت سے ریٹائر ہوجاؤں گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ میں مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا، پاکستان آرمی ایک عظیم ادارہ ہے، پاکستان کاقومی مفادعظیم ترہے اور ہر چیز سے مقدم ہے جس کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے بیان میں کہا کہ سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں، آرمی چیف نے مزید کہا کہ قومی مفاد کو ہر صورت میں مقدم رکھوں گا ۔ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات بھرپورطاقت کے ساتھ جاری رہیں گے، پاکستان کا وسیع ترملکی مفاد مقدم ہے اورہرقیمت پر ملک کو محفوظ بنایا جائے گا۔میرے لئے یہ بات باعث فخر ہے کہ میں نے دنیا کی ایک سب سے بہادر فوج کی قیادت کی ۔بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے دلچسپی نہیں رکھتے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ فوج سے ریٹائر ہونے کے بعد بھی اس ادارے کی خدمت کرتے رہیں گے۔۔ترجمان آئی ایس پی آرکے مطابق جنرل راحیل شریف نے اپنے دور میں ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں اور دہشتگردوں کے مکمل صفائے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں منفی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کو یا تو ختم کر دیا گیا یا ان کو گرفتار کر کے ان کے انجام تک پہنچایا گیا۔

مزید :

صفحہ اول -