نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے:شہباز شریف

نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے:شہباز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں تیزرفتار معاشی ترقی کے لیے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کی گئی ہیں۔ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے پروگرامز کامیابی سے چل رہے ہیں۔ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں کوالٹی سکل ڈویلپمنٹ فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔نوجوانوں کو ملکی وغیر ملکی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کیلئے پنجاب میں ایک جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، تاہم پنجاب حکومت اس پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانا چاہتی ہے اور اس ضمن میں ہم ورلڈ بینک کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی جس میں پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان تعلیم، صحت، آبپاشی، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔نوجوانوں کو معیاری ہنر سکھا کربااختیار بنانے کے چیلنج کو مواقع میں بدلنا ہے ۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے اورپنجاب حکومت اس سلسلے میں درست سمت کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا اورہنرسکھانا ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت فنی تربیت کے اداروں کی استعدادکار میں اضافہ کررہی ہے اورپنجاب میں نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے متعدد پروگرامز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہزاروں نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جا چکاہے جبکہ آئندہ اڑھائی برس میں مزیدلاکھوں نوجوانوں کو ملکی و غیرملکی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنایا جائے گا اور اس ضمن میں نہ صرف ٹیکنیکل و وکیشنل تربیت فراہم کرنے والے اداروں کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا رہا ہے بلکہ نصاب کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ تربیت مکمل کرنے کے بعد نوجوانوں کو باعزت روزگار مل سکے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ ذہین اور مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف کا ہدف پورا کیا گیاہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے کے وسائل میں اضافے کے لئے انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ای گور ننس کو فروغ دیا گیا ہے۔پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھوالانگونے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی متحرک اور پرعزم قیادت نے پنجاب میں فلاح عامہ کے لئے شاندار اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ساتھ سماجی و معاشی ترقی میں اشتراک کار مزید بڑھائیں گے ۔مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی برس کے دوران توانائی منصوبوں کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیا ہے۔پنجاب حکومت اپنے وسائل اورچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے تحت ہزاروں میگاواٹ کے توانائی منصوبوں پر کام کررہی ہے اوران منصوبوں کی تکمیل سے 2017ء میں لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبوں کی برق رفتاری اورشفافیت سے تکمیل کو یقینی بنایا جارہا ہے اور ان منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے اربوں روپے کے وسائل بچاکر ایک شاندار مثال قائم کی گئی ہے ۔پاکستان کی تاریخ میں شفافیت کے ساتھ منصوبوں کو شروع کرنے اورانہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی اورحکومت نے منصوبوں میں شفافیت اور اعلی معیار متعارف کراکے نئے رجحان کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دن رات کی جانے والی کاوشیں رنگ لارہی ہیں۔توانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کیا جا رہاہے او ر توانائی کے منصوبے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے تین منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا تے ہوئے قوم کے 112ارب روپے بچائے گئے ہیں اور یہ منصوبے دنیا کے سستے ترین پراجیکٹس ہیں۔انہو ں نے کہاکہ ملک سے اندھیرے دور کرنے کے لئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی وژنری قیادت میں توانائی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے دن رات کام جاری ہے اورتوانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔کوئلے ، گیس، ہائیڈل اور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو توانائی بحران سے نجات دلانے کا وعدہ پورا کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹے کاروو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اٹلی اور پاکستان کے مابین تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سولر اور دیگر متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے حوالے سے اٹلی کو خاص مہارت حاصل ہے۔انرجی ، تعلیم ، ٹیکنالوجی اور سماجی و معاشی شعبہ میں اٹلی کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ اس موقع پر اطالوی سفیر سٹیفانو پونٹے کاروو نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی ویسٹ ٹو انرجی اور سولر انرجی میں مہارت رکھتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں تعاون کے خواہاں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کامحور عوام کی خدمت ہے ۔محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسائل عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر نچھاور کیے جارہے ہیں ۔متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پسماندہ علاقوں میں بھی بڑے منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دانش سکول سسٹم کے ذریعے پسماندہ علاقوں میں غریب گھرانوں کے بچوں کیلئے معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں ۔خادم پنجاب دیہی روڈزپروگرام دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کا زبردست پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے پروگرام سے دیہی معیشت میں انقلاب برپا ہوگا۔ڈیڑھ سو ارب روپے کا خادم پنجاب دیہی روز پروگرام دیہی زندگی کو بدل دے گا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے محمد رضا حیات ہراج اورایم پی اے جہانگیرخانزادہ شامل تھے ۔ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

مزید :

صفحہ اول -