چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بھٹہ مزدور بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی مشن ہے، زعیم قادری

چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بھٹہ مزدور بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی مشن ہے، زعیم ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بھٹہ مزدور بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی مشن ہے۔ حکومت پنجاب بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کی ممانعت کے آرڈیننس 2016ء پر عملدر آمدہر صورت یقینی بنائے گی اوراگلے تین ماہ میں بھٹہ مزددوربچوں کے سرکاری سکولوں میں تعلیم یقینی بنائے گی،بھٹہ مالکان با شعور پاکستانی ہونے کے ناطے ہڑتالوں کی بجائے چائلڈ لیبرکے خاتمے اور تعلیم کے ذریعے بھٹہ مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے حکومت پنجاب کے اس احسن اقدام کا ساتھ دیں ۔ حکومت پنجاب نے چائلڈ لیبر آرڈیننس کی تشکیل میں بھٹہ ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کو اعتماد میں لیاتھاجس کے بعدہڑتال کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔خلاف ورزی پر اب تک2517 بھٹہ جات پر چائلڈ لیبر کے500 کے قریب کیسز سامنے آنے پر498 بھٹہ مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج،472 بھٹہ مالکان گرفتار جبکہ 201 بھٹہ خشت کو سیل کیا جا چکا ہے۔انہوں نے یہ بات آج سیکرٹری لیبر علی سرفراز کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ صوبھر کے تمام بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے ناسور کے خاتمے کے لئے بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی کے ساتھ کوئی راعیت نہ برتی جائے۔یہی وجہ ہے کہ ڈی سی اوز،ڈی پی اوز،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر اداروں کے ارکان پر مشتمل ٹیمیں بلاناغہ بھٹہ خشت کی چیکنگ عمل میں لارہی ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب بھٹہ مالکان اور ذمہ داران افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ آرڈیننس کی خلاف ورزی پر بھٹہ سیل،50 ہزار روپے سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ جبکہ 6 ماہ قید کی سزا بھی دی جاسکے گی۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ لیبر و انسانی وسائل نے بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کی شکایات درج کرانے کے لئے 0800-55444ہیلپ لائن قائم کی ہے جس پرموصول ہونے والی شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔

مزید :

علاقائی -