ا کاؤنٹنٹ جنرل پنجاب سے 50فیصد اضافہ کیساتھ فل پنشن وصول کرنیوالے اور اس سے محروم ریٹائرڈ ملازمین کی الگ الگ فہرستیں طلب

ا کاؤنٹنٹ جنرل پنجاب سے 50فیصد اضافہ کیساتھ فل پنشن وصول کرنیوالے اور اس سے ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ا کاؤنٹنٹ جنرل پنجاب سے 50فیصد اضافہ کے ساتھ فل پنشن وصول کرنے والے اور اس سے محروم ریٹائرڈ ملازمین کی الگ الگ فہرستیں طلب کر لیں ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری محکمے بزرگ پنشنرز کی حالت زار پر رحم کھائیں۔مسٹرجسٹس سید منصو ر علی شاہ نے نور محمد سمیت مختلف بزرگ پنشنرز کی توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود15برس قبل ریٹائرڈ ہونے والے بزرگ پنشنرز کو فل پنشن اور اس کے بقایا جات ادا نہیں کئے جا رہے ، چیف سیکرٹری پنجاب نے عدالت میں یقین دہانی کرائی تھی کہ یکم جولائی 2015ء سے ریٹائرڈ ملازمین کو 50فیصد اضافے کے ساتھ فل پنشن ہی ادا کی جائیگی تاہم اس کے باوجود یہ بزرگ دھکے کھاتے پھر رہے ہیں، سرکاری وکیل کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ بزرگ پنشنرز کی اکثریت کو فل پنشن ادا کی جا رہی ہے جبکہ بقایا جات کے خلاف محکمہ خزانہ نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے، عدالت نے سرکاری وکیل کو حکم دیا کہ اگر سپریم کورٹ سے محکمہ خزانہ کی اپیل پر کوئی حکم امتناعی جاری ہوا ہے تو اس کی مصدقہ نقل عدالت میں پیش کی جائے ، عدالت نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کو بھی حکم دیا کہ 50فیصد اضافہ کے ساتھ فل پنشن وصول کرنے والے اور اضافی پنشن سے محروم ریٹائرڈ ملازمین کی الگ الگ فہرستیں 27جنوری کو عدالت میں پیش کی جائیں۔

مزید :

صفحہ آخر -