ضمانت پر رہا مجرموں کے وارنٹ گرفتاری جاری ،جیل بھجوانے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نزیر احمد گجانہ نے ماتحت عداتوں سے سنائی جانے والی سزائیوں کو ہائیکورٹ کی جانب سے بحال رکھنے کے حکم پر متعدد سزا یافتہ ضمانت پر رہا مجرموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے انہیں جیل بھجوانے کا حکم جاری کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ شمالی چھاؤنی پولیس نے بھاری مقدار میں چرس سمگل کرنے کے الزام میں ملزم محمد عرفان عرف بھولا کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ نمبر598/06 درج کرکے چالان سماعت کے لئے عدالت بھجوایا جس کی سماعت مکل ہونے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے2008 ء کے دوران جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی سیشن عدالت کی جانب سے سنائی جانے والی سزا کے خلاف ملزم نے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی اور ساتح ہی ضمانت پر رہائی کے لئے درخواست بھی دائر کردی عدالت عالیہ نے اپیلی کی سماعت کے دوران ملزم کی ضمانت منظور کرکے اسے رہا کرنے کا حکم جاری کیا جس پر ملزم کو رہائی مل گئی بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی اپیل کی سماعت کرتے ہوئے25 نومبر2015 ء کو سیشن عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کو بحال رکھا اور اپیل خارج کردی جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے رواں سال 11 جنوری کو ایک حکم جاری کیا جس میں پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ مجرم کو گرفتار کرکے جیل بھجوائے تاکہ وہ عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائے قید پوری کرے اسے طرح پانچ ایسے ملزمان ہیں جنہیں دوبارہ گرفتار کرکے جیل بھجوانے کے احکامات جاری ہو چکتے ہیں تاہم تا حال پولیس نے کسی بھی مجرم کو گرفتار کرکے جیل نہیں بھجوایا۔