آئینی طریقے ملک سے میں تبدیلی کی جدو جہد کر رہے ہیں:سراج الحق

آئینی طریقے ملک سے میں تبدیلی کی جدو جہد کر رہے ہیں:سراج الحق

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ۔عوام اسلامی اور خوشحال پاکستان کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ جماعت اسلامی آئینی اور جمہوری طریقوں کے مطابق ملک میں تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے جماعت اسلامی عوام کو تقسیم در تقسیم کرنے کے بجائے اللہ اور اس کے رسول ؐ کی دعوت اور تعلیمات کی طرف بلاتی ہے ۔اقامت دین کی جدوجہد کو اپنا مشن بنانا اور اپنی زندگی کا نصب العین قرار دینا ہی ایک داعی کی زندگی کا مرکز ومحور ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد بیت المکرم اخترکالونی میں جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت دو روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تربیت گاہ سے جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سکریٹری وقاص انجم جعفری ،جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن ،ضلع جنوبی کے امیر عبد الواحد شیخ ،مولانا ڈاکٹر کاشف شیخ ،پروفیسرمعروف بن رؤف اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سراج الحق نے مزید کہا کہ ڈھائی سال گزر گئے ہیں موجو دہ حکومت بھی عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے ۔نوجوانوں کے پاس ڈگریاں تو موجود ہیں لیکن ان کے لیے روزگار نہیں ہے ۔ قومی اداروں کو کرپشن اور بد انتظامی سے تباہ وبرباد کر کے فروخت کرنے کی تیاریا ں کی جارہی ہیں ۔نج کاری کے نام پر قومی اداروں کی بند ر باٹ اور ملازمین بے روزگار کیے جارہے ہیں ۔ملک پر پاکستان کے دشمن بھارت سے دوستی کرنے والوں کا را ج ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان لازوال قربانیاں دے کر کلمہ لاالہ الا اللہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا کسی کی خواہشات کے مطابق لبرل ازم یا سیکولر بنانے کے لیے ہر گز نہیں حاصل کیا گیا تھا ۔یہاں لبرل ازم یا سیکولرزم کو پروان چڑھانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام قائم کرنے کی جدوجہد کررہی ہے جس میں یتیموں ،بیواؤں اور ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی کفالت کی ذمہ داری ریاست اور حکومت پورا کرے گی ۔یہاں غریبوں کے لیے مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی ۔عوام کے لیے تعلیم کا ماحول آسان ہوگا اور مظلوموں کو انصاف ان کی دہلیز پر ملے گا ۔جہاں معیشت اور بنکاری کا نظام سود سے پاک ہوگا ۔سراج الحق نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں حلال وحرام کے راستے واضح طور پر بتائے ہیں ۔ہمیں حلال راستوں اور حلال طریقوں کو خود بھی اختیار کرنا ہوگا اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دینی ہوگی ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -