کراچی کی آبادی کے تناسب سے پولیس کی نفری کم ہے، نثار احمد کھوڑو

کراچی کی آبادی کے تناسب سے پولیس کی نفری کم ہے، نثار احمد کھوڑو

  

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے سینئر وزیر برائے تعلیم اور پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی کے تناسب سے پولیس کی نفری کم ہے ۔ اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے حکومت کے اقدامات کے مثبت نتائج ملے ہیں ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کی خاتون رکن ارم عظیم فاروق کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بیان دے رہے تھے ۔ ارم عظیم فاروق نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہم نے پولیس میں نئی بھرتیاں کی ہیں لیکن کچھ لوگ اے ایس آئی کی بھرتیوں کا معاملہ عدالت میں لے گئے ۔ سندھ حکومت نے شہر میں جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے ہیں ۔ لوگوں کی سہولت کے لیے کئی کمپلینٹ سیل قائم کیے گئے ہیں ، جہاں جرائم کی شکایات کی جا سکتی ہیں ۔ کراچی میں ٹارگیٹڈ آپریشن بھی چل رہا ہے ۔ امن و امان کی صورت حال 80 سے90 فیصد بہتر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غافل نہیں ہے ۔ اسٹریٹ کرائمز پوری دنیا میں ہوتے ہیں انہیں کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -