پی آئی اے نجکاری کے معاملے پرسینیٹ میں حکومت کی ممکنہ مشکلات

پی آئی اے نجکاری کے معاملے پرسینیٹ میں حکومت کی ممکنہ مشکلات
پی آئی اے نجکاری کے معاملے پرسینیٹ میں حکومت کی ممکنہ مشکلات

  

اسلام آباد(یو این پی) پاکستان پیپلز پارٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بل سینیٹ میں پیش کرنے پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔ حکومت نے گذشتہ سال 5 دسمبر کو صدارتی آرڈیننس کے تحت پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے ایک قانون متعارف کروایا تھا، جس پر 31 دسمبر کو سینیٹ میں ایک قرار داد پیش اور منظور کرکے نافذ ہونے میں رکاوٹ ڈالی گئی۔مذکورہ قرار داد پیپلز پارٹی کے سعید غنی نے دونوں جانب کے 52 سینیٹ اراکین کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 89 ٹو کے تحت پیش کی تھی۔ اس قرار داد پر پی پی پی، متحدہ قومی موومنٹ، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ(ق))، بلوچستان نیشنل عوامی پارٹی اور جماعت اسلامی کے اراکین سمیت آزاد اراکین کے دستخط بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ حکومت کی اتحادی جماعت خیبر پختون خوا ملی عوامی پارٹی کے اراکین نے بھی قرار داد پر دستخط کیے تھے۔واضح رہے کہ حکومت گذشتہ ہفتے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کارپوریشن بل 2015 کو اپوزیشن کے شدید احتجاج اور واک آؤٹ کے باوجود قومی اسمبلی میں پیش اور منظور کروا کر قومی اثاثے کو پبلک پرائیویٹ کمپنی بنانے کی منظوری دے چکی ہے، تاہم اس حوالے سے سینیٹ سے منظوری کا مرحلہ ابھی باقی ہے۔ایک انگریزی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹ میں پی پی پی-پارلیمنٹیرین کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے ایوان بالا سے مذکورہ بل کی منظوری کے خلاف ایک حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے ان کی پارٹی جلد تمام جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔انھوں نے کہا کہ پی پی پی، پی آئی اے کی بحالی کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کے خلاف نہیں لیکن کسی بھی صورت میں حکمرانوں کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ایئر لائن کی نجکاری کردیں۔بل سینیٹ میں پیش کیے جانے کے موقع پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے اسے مسترد کردینے کے حوالے سے سوال پر سعید غنی نے واضح جواب نہیں دیا اور کہا کہ 'اس حوالے سے کوئی بھی اعلان کرنا قبل از وقت ہوگا۔ ہم منظور شدہ قانون میں ترمیم کے حوالے سے تجاویز دیں گے۔یاد رہے کہ گذشہ ماہ سینیٹ میں صدارتی آرڈینس کی غیر منظوری کی قرار داد پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیر مشاہد اللہ خان نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک اہم قومی معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جارہی ہے۔

مزید :

اسلام آباد -