افغانستان،پولیس اہلکار نے اپنے 10ساتھیوں کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا

افغانستان،پولیس اہلکار نے اپنے 10ساتھیوں کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا
افغانستان،پولیس اہلکار نے اپنے 10ساتھیوں کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا

  

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افغانستان میں ایک پولیس اہلکار نے اپنے ہی 10 ساتھیوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ اہلکار باغیوں کے ساتھ ملا ہوا تھا اور اس نے گولی چلانے سے پہلے اپنے ساتھیوں کے کھانے میں زہر ملایا تھا۔یہ واقعہ جنوبی صوبہ اروزگان میں چنارتو ضلع کے ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ پر پیش آیا۔چنارتو ضلع کے سربراہ فیض محمد نے کہا کہ ”گولیاں مارنے کے بعد پولیس اہلکار اور طالبان نے ان کے ہتھیار چھین لیے اور چیک پوائنٹ اور ایک پولیس گاڑی کو جلا ڈالا۔طالبان کے گڑھ کہلانے والے ہلمند اور قندھار صوبوں سے ملحقہ اروزگان صوبے میں گزشتہ ہفتے بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب چار پولیس اہلکاروں نے اپنے نو ساتھیوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا ور ان کا اسلحہ اور سازوسامان لے کر طالبان سے جا ملے تھے۔افغانستان کی سکیورٹی فورسز میں 'اندرونی حملے' ایک بڑا مسئلہ رہے ہیں جہاں حوصلے پست اور فرائض سے بھاگنے کی شرح بہت زیادہ ہے۔ اب تک کئی فوجی اور پولیس اہلکار طالبان میں شامل ہو چکے ہیں۔2014 میں افغانستان سے بیشتر بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد طالبان نے اپنی کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے اور ہلمند اور دیگر جنوبی صوبوں میں ایک مربوط مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی افغان فوج اور پولیس کے اہلکار اپنے ہی ساتھیوں کی ہلاکت کا سبب بن چکے ہیں۔ایک ہفتے میں حکومتی فورسز پر ہونیوالا اس نوعیت کا  یہ دوسرا اندرونی حملہ ہے۔واقعہ کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کرلی ہے۔ 

مزید :

بین الاقوامی -