ربادا کی باولنگ نے انگلش بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا:چوتھے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کامیاب ، سیریز 1-2 سے انگلینڈ کے نام

ربادا کی باولنگ نے انگلش بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا:چوتھے ٹیسٹ میں ...
ربادا کی باولنگ نے انگلش بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا:چوتھے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کامیاب ، سیریز 1-2 سے انگلینڈ کے نام

  

سنچورین (مانیٹرنگ ڈیسک) فاسٹ باولر ربادا کی تباہ کن باولنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 280 رنز سے شکست دیدی ہے۔ انگلینڈ میچ میں شکست کے بعد چار میچوں کی سیریز میں 1-2 سے فاتح قرار پایا ہے۔ ربادا نے اس میچ میں انگلش بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا۔

تفصیلات کے مطابق سنچورین کی سپر سپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 475 رنز بنائے۔ ڈی کوک نے 129 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سٹیفن کُک نے 115 اور ہاشم آملہ نے 109 رنز بنائے۔ ایلگر نے 20، جے پی ڈومنی نے 16، باووما نے 35، ایبٹ نے 16 اور ڈین پیڈٹ نے 19 رنز بنائے جبکہ کپتان ڈویلیئرز، ربادا اور مورکل کوئی سکور بنائے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین سٹاکس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سٹورٹ براڈ اور معین علی نے 2,2 حاصل کیں جبکہ واکس اور جیمز اینڈرسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے 475 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 342 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور یوں جنوبی افریقہ کو 133 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان ایلسٹر کُک اور جو روٹ نے 76,76 رنز بنائے۔ ایلکس ہیلز 15، کومپٹن 19، ٹیلر 14، بین سٹاکس 33، معین علی 61، کرس واکس 26، سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن نے 5,5 رنز بنائے جبکہ بیرسٹو بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ مورنی مورکل نے 2 اور جے پی ڈومنی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 133 رنز کی برتری کیساتھ کیا اور 248 رنز پانچ کھلاڑیوں آﺅٹ پر اننگز ڈکلیئر کر کے انگلینڈ کو جیت کیلئے 382 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ 96 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔سٹیفن کوک نے 25 رنز بنائے، کپتان اے بی ڈویلیئرز پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ جے پی ڈومنی 29، باووما 78 اور ڈی کوک 9 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے 3 جبکہ سٹورٹ براڈ اور بین سٹاک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 101 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور اس کے 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔ جیمز ٹیلر نے سب سے زیادہ 24 رنز بنائے۔ ایلسٹر کوک نے 5، ایلکس ہیلز نے 1، کومپٹن نے 6، جو روٹ نے 20، بین سٹاکس نے 10، جیمز بیرسٹو نے 14، معین علی نے 10، واکس نے 5، براڈ نے 2 رنز بنائے جبکہ اینڈرسن صفر پر آﺅٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مورنی مورکل نے 3 اور پیڈٹ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مزید :

کھیل -