پنجاب میں شوگر ملز کی کرشنگ حدود میں توسیع کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور(نامہ نگارخصوصی)پنجاب میں شوگر ملز کی کرشنگ حدود میں توسیع کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا،اس سلسلے میں حسیب وقاص شوگر ملزکی طرف سے درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ پنجاب میں کرشنگ اور کاروبار کو وسعت دینے پر پابندی عائد کر چکی ہے، پنجاب میں شوگر ملز کے کاروبار کو وسعت دینا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے،درخواست میں پنجاب حکومت ،سیکرٹری انڈسٹریز اور دیگر شوگر ملوں کو فریق بنایا گیا ہے ،درخواست گزار کا موقف ہے کہ پنجاب میں شوگر ملز کی جانب سے کاروبار کو وسعت دینے کے خلاف سیکرٹری انڈسٹریز کو درخواستیں دی گئیں، جن پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب کی شوگر ملز کو کرشنگ حدود سے تجاوز کرنے سے روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔