عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کو نتائج دینا ہونگے،عثمان بزدار

عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کو نتائج دینا ہونگے،عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اوراس حوالے سے زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ میں تساہل برتنے والے افسروں سے باز پرس ہوگی اور کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی لہٰذا پولیس اپنا رویہ بہتربنائے جبکہ عوام کو تھانوں میں واضح تبدیلی نظر آنی چاہئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اورجرائم کے سدباب کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ضروری ہدایات جاری کردیں۔وزیراعلیٰ نے آر پی اوز اورڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ جرائم کی بیخ کنی کیلئے فعال اورمتحرک انداز میں کام کیا جائے اورکسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں رکھے بغیرپولیس جانفشانی سے فرائص سرانجام دے اورجرائم کی بیخ کنی کرے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر امن وامان کے حوالے سے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں ۔سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے خصوصی مہم کی تفصیلات باقاعدگی سے فراہم کرنے کیساتھ ساتھ قتل،ڈکیتی ،راہزنی اوردیگر جرائم کے سدباب کیلئے ٹھوس حکمت عملی بنائی جائے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پروزراء اورارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ آفس میں شہریوں کے مسائل سنے ۔

عثمان بزدار

مزید : صفحہ آخر