اقوام متحدہ نے سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کی تفتیش کیلئے تین رکنی ٹیم بنادی

اقوام متحدہ نے سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کی تفتیش کیلئے تین رکنی ٹیم ...

  



نیو یارک (این این آئی)اقوام متحدہ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تفتیش کیلئے کولمبیا یونیورسٹی کی اگنیس کیلامارڈ کی سربراہی میں عالمی ماہرین کی 3 رکنی ٹیم تشکیل دیدی ہے جو اگلے ہفتے ترکی کا دورہ کرے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے کہا ہے کہ عالمی ماہرین پر مشتمل ٹیم سعودی صحافی جمال خاشقجی قتل کی انکوائری کریگی۔ٹیم کی سربراہ، ماورائے قانون سزاؤں سے متعلق اقوام متحدہ کی سپیشل رپورٹر اور کولمبیا یونیورسٹی میں فرنچ اکیڈمک اور کولمبیا گلوبل فریڈم آف ایکسپریشن کی ڈائریکٹر اگنیس کیلامارڈ نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے ترکی جائینگی جس کا مقصد جمال خاشقجی قتل کی غیرجانبدار تفتیش ہے۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر سے جاری اعلامئے کے مطابق اگنیس کیلامارڈ کیساتھ تفتیشی ٹیم میں ہیلینا کینیڈی اور ڈوارٹے نونو ویئرا بھی ہوں گے۔تفتیشی ٹیم 28 جنوری سے 3 فروری تک ترکی کا دورہ کرے گی۔اقوام متحدہ کی تفتیشی ٹیم میں شامل ہیلینا کینیڈی مشہور برطانوی وکیل ہیں اور ہاؤس آف لارڈز کی رکن بھی ہیں۔ٹیم کے تیسرے رکن نونو ویئرا پرتگال کی کوئیمبرا یونیورسٹی آف میڈیسن کے پروفیسر اور پیتھالوجی کے ماہر ہیں اور اس کیساتھ ساتھ ابیرو امریکن نیٹ ورک آف فارنزک میڈیسن اینڈ فارنزک سائنس انسٹیٹیوٹ کے صدر اور یورپین کنفڈریشن آف ایکسپرٹس کی تنظیم کے بھی صدر ہیں۔

مزید : صفحہ آخر