صوبائی وزیر لائیو سٹاک پنجاب کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس

صوبائی وزیر لائیو سٹاک پنجاب کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس

  



لاہور( نیوز رپورٹر )صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ بہترین نتائج کی حامل محکمانہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور فیلڈ سٹاف اپنی نتیجہ خیز کارکردگی کے ذریعے پیشہ ورانہ مقاصد حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دے۔ یہ بات انہوں نے ایک اعلی سطح کے محکمانہ اجلاس کی صدارت کے دوران کی۔ اجلاس میں سیکرٹری لائیوسٹاک احسن وحید ، ڈاکٹر اقبال شاہدایڈیشنل سیکرٹری(ٹیکنیکل)، صوبہ بھر کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرزاور لائیو سٹاک فارمزکے انچارج آفیسرزنے شرکت کی اجلاس کا مقصد پنجاب کے تمام ڈویژنزاور محکمہ کے لائیوسٹاک فارمز کی بلا امتیاز محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔صوبہ بھر کے ڈویژنل ڈائریکٹرزاور لائیو سٹاک فارمز کے انچارج افسران نے صوبائی وزیر لائیو سٹاک کو اپنی اپنی جاری محکمانہ سرگرمیوں کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے تمام ڈیژنز میں جانوروں کی تعداد سمیت مویشی پال حضرات کو دی جانے والی سہولیات کے اعدادوشمار کا جائزہ لیااورڈائریکٹرز کو مذبحہ خانوں سمیت تمام فیڈ ملز ، مویشی منڈیوں اور دودھ اکٹھا کرنے والی کمپنیوں سے متعلق مصدقہ معلومات اکٹھا کرنے کی ہدایات دیں۔

انہوں نے تمام اضلاع میں قائم دودھ اکٹھا کرنے والے مراکز اور دودھ کی مجموعی پیداوار کا جائزہ لیا اورکہا کہ محکمانہ امور کی انجام دہی میں میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے حکومت ان علاقوں میں سبسڈی دے گی جہاں اس کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر وزیر لائیو سٹاک نے ہدایات جاری کیں کہ دودھ اور گوشت کی پیداوار سے متعلق معلومات کا ذریعہ معلوم ہونا چاہیے۔فیلڈ انسپکٹرزکی کپیسٹی بلڈنگ کرناناگزیر ہے۔اجلاس کے دوران لائیو سٹاک فارمز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے ہدایت کی کہ لائیو سٹاک فارمز پر ایکسٹینشن ونگ کے تجویز کردہ موضوعات پر ریسرچ کی جائے نیز ویٹرنری یونیورسٹی کے طلبا کی ریسرچ سے استفادہ کیا جائے تاکہ یہ تحقیق عام فارمر کے کام آئے۔اس موقع پر وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ ہمیں فارمز کے مقاصدکاتعین کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ آیا مطلوبہ مقاصد حاصل کرلیے گئے ہیں۔اجلاس کے دوران سیکرٹری لائیوسٹاک احسن وحید نے تمام ڈائریکٹرز کو اپنے متعلقہ ڈویژنز کا ویکسی نیشن پلان بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بریڈنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ منہ کھر بیماری سے پاک ڈیزیز فری زون پر خاص توجہ دی جائے۔محکمہ کے لائیو سٹاک فارمز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری لائیو سٹاک احسن وحید نے کہا کہ لائیو سٹاک فارمز پر جانوروں کی تعداد فارمز کی گنجائش کے مطابق کی جائے۔

مزید : کامرس