سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،سیف اللہ خالد

سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،سیف اللہ خالد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ حکمران وطن عزیز کی نظریاتی اساس کو مضبوط کریں گے تو پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو گا۔سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔حکومت پاکستان سعودی عرب او ر چین کی طرح اسلامی ملکوں سے تعلقات مضبوط بنائے۔ ریاست مدینہ میں عدل و انصاف کا نظام قائم تھا۔ ریاست مدینہ کے مشابہہ ریاست کی تشکیل ایک مضبوط نظریہ کے بغیر ممکن نہیں۔کشمیری سات دہائیوں سے آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خطبہ جمعہ اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سیف اللہ خالد نے کہا کہ نظریہ پاکستان کا تحفظ ہماری سیاست ہے۔ جو قومیں نظریہ کا تحفظ کر لیتی ہیں وہ جغرافیائی حدود کا بھی دفاع کر نے میں کامیاب ہو جاتی ہیں۔ ہم نہ سیاست سے دور تھے اور نہ جدا ہیں۔ ہمارا اس ملک کی سیاست سے گہرا تعلق رہا ہے۔ ہم سیاست کو دین سے جدا کرنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی میں رہنمائی کرتا ہے وہاں سیاست کے لئے بھی مکمل ضابطہ موجود ہے۔ توحید ہماری سیاست کا بنیادی اصول اور ستون ہے جس کی دعوت لے کر تمام انبیا آئے تھے۔اسلامی سیاست رب کے سامنے جھکنے کی دعوت دیتی ہے۔ہماری زندگی کی مقصد اللہ رب العزت کے دین کی سربلندی ہے۔انسانیت کی خدمت او ر ہمدردی کی سیاست کریں گے،میدان سیاست میں بھی سیرت رسول ﷺ پر عمل ضروری ہے۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ ملی مسلم لیگ کے منشورمیں یہ بات شامل ہے کہ مسئلہ کشمیرہمارے لئے ا ہم تر ین ہے،یہ پاکستان کی شہ رگ اور ہمارے لئے زندگی اورموت کی حیثیت رکھتا ہے۔ہماری سیاسی جدوجہدمیں مسئلہ کشمیر کو مر کزی حیثیت حاصل ہوگی اور کشمیرکی آزادی کیلئے جدوجہدکرنیوالوں کی ہم ہرممکن مددوحمایت کریں گے۔ مسئلہ کشمیرکے حل کی18قراردادوں پربھارت کے دستخط موجود ہیں ، مسئلہ کشمیرکاعالمی ایجنڈے پر ہو نا ا س بات کا ثبو ت ہے یہ متنازع اورحل طلب مسئلہ ہے۔لہٰذا عالمی برادری مسئلہ حل اور کشمیریوں پر مظا لم بندکروائے۔