گورنر سندھ کی ایم پی اے رمضان گھانچی سے ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گزشتہ رات مبینہ قاتلانہ حملہ میں زخمی ہونے والے رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی سے اے او کلینک میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے رمضان گھانچی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کی دُعا بھی کی۔ ایم پی اے رمضان گھانچی نے قاتلانہ حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اُن پر حملہ کرنے والے سلیمان سومرو نامی غنڈے کو مقامی پولیس کی پشت پناہی حاصل ہے، اس حوالے سے سندھ اسمبلی میں بھی جلد بات کروں گا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آئی جی سندھ کا مبینہ طور پر ملوث ایس ایچ او کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دینا احسن اقدام ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو اس نوعیت کے واقعات پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی، اگر ایسے واقعات کی روک تھام نہ کی گئی تو اس سے امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔