شبقدر، پیسکو کابلوں کی عدم ادائیگی پر 28جنوری سے بجلی بند کرنے کا فیصلہ
شبقدر( نمائندہ خصوصی )پیسکو شبقدر نے عدم ادائیگی اور بجلی میٹرز نہ لگانے والے 4فیڈرز کی بجلی 28جنوری سے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔مذکورہ فیڈز کے صارفین کے ذمے 7ارب سے زائد بقایاجات واجب الادا ہیں۔ شبقدر پیسکو ترجمان کے مطابق پیسکو کے اعلی حکام کی ہدایت پر شبقدر کے 4فیڈز پر بجلی صارفین کے ذمے بھاری بقایاجات ،بجلی بلوں کی عدم ادائیگی اور بجلی میٹرز نہ لگانے پر پیسکو نے ان فیدرز پر28جنوری سے بجلی کی سپلائی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ شبقدر پیسکو ترجمان کے مطابق ان بجلی فیڈرز میں سب ڈویژن دوآبہ کے پیر قلعہ اور سروکلے فیڈز مٹہ ڈویژن سے حواجہ اوس فیڈر اور شبقدر ڈویژن سے رشکئی فیڈر شامل ہیں ۔ ان فیڈرز پر مجموعی طور پر صارفین کے ذمے سات ارب سے زائد بقایاجات کے باوجود صارفین بجلی میٹرز لگانے میں واپڈا کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیرقلعہ فیڈر پر بجلی صارفین کے ذمے ایک ارب 37کروڑ 74لاکھ 599روپے ، سروکلی فیڈر کے صارفین کے ذمے ایک ارب 66کروڑ70لاکھ855روپے،حواجہ اوس کلے فیڈر صارفین کے ذمے 2ارب24کروڑ45لاکھ573روپے اور رشکئی بجلی فیڈر کے صارفین کے ذمے 2ارب12کروڑ26لاکھ584روپے کے بقایاجات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان فیدرز کے صارفین سے مقامی واپڈا حکام کی بار بار بقایاجات اور بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے اپیلیں کی گئی لیکن ان فیڈرز کے صارفین نہ بقایاجات جمع کرنیکیلئے راضی ہیں اور نہ ہی ان فیڈرز کے صارفین بجلی میٹرز لگانے میں واپڈا حکام اور اہلکاروں سے تعاون کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پیسکو ان فیڈرز کی بجلی بقایاجات اور بجلی بلوں کی عدم ادائیگی اور میترز نہ لگانے پر منقطع کرنے کا فیصلہ کرنے پر مجبور ہو چکی ہے اور اس سلسلے میں پیسکو حکام نے 28جنور سے ان بجلی فیڈرز پر بجلی بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔