زمینداروں کی خدمت محکمہ مال کے اہلکاروں کی اولین ذمہ داری ہے ،ڈی سی ڈیرہ

زمینداروں کی خدمت محکمہ مال کے اہلکاروں کی اولین ذمہ داری ہے ،ڈی سی ڈیرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ برکت اﷲ مروت نے کہا ہے کہ عوام بالخصوص زمینداروں کی خدمت محکمہ مال کے اہلکاروں کی اولین ذمہ داری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف پٹوارخانوں کے معائنے کے دوران کیا۔ معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تفصیلاً ریونیو ریکارڈ چیک کیا جس میں رجسٹر انتقالات، روزنامچہ واقعاتی، روزنامچہ کارگزاری، روزنامچہ پڑتالی جمع بندی، خسرہ گرداوری وغیرہ شامل تھے۔ہر پٹوارخانے کے معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہدایات جاری کیں کہ محکمہ مال کا عملہ باالخصوص پٹواری عام شہریوں سے مکمل تعاون کریں ۔ بعض پٹوارخانوں کے معائنے کے دوران انہوں نے اس امر پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ بعض رجسٹرز پر متعلقہ افسران کے دستخط نہیں ہوتے۔ انہوں نے پٹوارخانوں کی اب تک کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم تمام امور کو جلد ہی بہتر انداز میں ترتیب دیں گے۔ موقع پر موجود لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے محکمہ مال کے طرز عمل اور ان کو فراہم کی گئی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں انہیں تحریری درخواست دی جائے یا پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے اپنی شکایات کا اندراج کریں تاکہ ان کی جائز شکایات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔