نبی کریم ؐ کے طرز حیات کو اجتماعی اور انفرادی سطح پر اختیار کرنا ناگزیر ہے : عبد القدیر اعوان

نبی کریم ؐ کے طرز حیات کو اجتماعی اور انفرادی سطح پر اختیار کرنا ناگزیر ہے : ...

پشاور (سٹی رپورٹر) امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے کہا ہے کہ ہم سب کو نبی رحمت ﷺ کے دیئے ہوے طرزِ حیات کو اجتماعی اور انفرادی سطح پر اختیار کرنے کی ضرورت ہے اس پر عمل کرنا آسان بھی ہے اور یہ عین فطری اصولوں کے مطابق بھی ہے جبکہ ہمارا ہر وہ عمل جو دین اسلام سے باہر ہو تا ہے وہ ہمیں دنیا کے ہر حصے میں ذلیل و رسوا کرتا ہے اوراپنے دنیاوی اور دینی اصولوں کو پرکھنے کی کسوٹی صرف اور صرف آپ ﷺ کی ذات پاک ہے ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روز جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم نے مخلوق کی ہر ضرورت کی تکمیل کے بہترین ذرائع پیدا فرمائے ہیں اور اسی طرح انسان کی باطنی اصلاح کے لیے انبیاء ؑ مبعوث فرمائے جو کہ بندوں کو اللہ کی ذات سے جوڑنے کا فریضہ سر انجام دیتے رہے ۔اور اب یہی ذمہ داری حضرت محمد ﷺ کی اُمت کی حیثیت سے ہم پر عائد ہوتی ہے اور جو علماء حضرات ممبر پر بیان فرماتے ہیں اس پر عمل کرنا بھی مجھ سمیت سب پر فرض عین ہے کیونکہ بیان کرنا اور اس پر خو دعمل پیرا نہ ہونے کی سزا کی بڑی سخت بعید ہے ۔اللہ کریم ہمیں معاف فرمائیں اور دین اسلام پر عمل کرنے کی توفیق اورہمیں وہ عشق نبی ﷺ عطا فرمائیں کہ ہم نا فرمانی کی طرف قدم اُٹھانے کا گمان بھی نہ کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ جب ہم اپنے کاروبار ،تعلقات اور معاملات کو اپنی سمجھ اور عقل سے کرتے ہیں تو اس میں خرابیاں پیدا ہوتی ہیں اوراگر ہم اپنے ہر معاملے کی راہنمائی آپ ﷺ کی ذات اقدس سے لیں تو پھر ان شاء اللہ ہمارے تمام معاملات و تعلقات میں سکھ او رچین والی کیفیت ہو گی آخر میں انہوں نے دعا فرمائی کہ اللہ ہمیں وہ سچی محبت اور عشق آپ ﷺ کی ذات اقدس سے عطا فرمائے کہ ایمان کی چاشنی ہم اپنی عملی زندگی میں خود محسو س کریں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر