نیشنل اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کے دوران چھت سے گر کر مزدور جاں بحق

نیشنل اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کے دوران چھت سے گر کر مزدور جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کو خوبصورت بنانے کیلئے کام کرنے والے مزدور کی زندگی کا چراغ گل ہوگیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کی حالت سدھارنے کیلئے اربوں روپے خرچ کرنے والا کرکٹ بورڈ غریب مزدور کی جان کی قدر نہ کرسکا۔ مرحوم کے انتقال پر خاموشی اختیار کرلی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تعمیراتی کام کے دوران رنگ ساز مزدور کالو خان منگل کی شام چھت سے گر کر جاں بحق ہوا تھا۔ تعمیراتی کمپنی سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ نے مرحوم کے اہلخانہ کی کوئی مدد تو دور افسوس تک کا اظہار نہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منگل کی شام مزدور کالو خان ماجد خان انکلوژر کی چھت پر رنگ کرتے ہوئے گر کر جاں بحق ہوگیا مرحوم کالو خان مظفر گڑھ کا رہائشی تھا اور اپنے بیٹے کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم میں مزدوری کررہا تھا واقع کے وقت مرحوم کا بیٹا ندیم بھی مزدوری کررہا تھا جس نے باپ کو اٹھاکر اسپتال لے جانا چاہا لیکن کالو خان جانبر نہ ہوسکا۔ افسوسناک واقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت مذکورہ کنسٹرکشن کمپنی نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ عینی شاہد عمرنا حسین کے مطابق کالو خان سمیت دیگر مزدوروں کو حفاظتی سامان فراہم نہ کیا گیا تھا جس وجہ سے یہ افسوسناک واقع پیش آیا انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام مزدور حکومت سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ اور بسم اللہ کنسٹرکشن کے حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کالو خان کے اہل خانہ کی مالی مدد کرے۔ کالو خان سات بچوں کا باپ تھا اور غربت مٹانے کیلئے بڑے بیٹے کے ہمراہ مظفر گڑھ سے کراچی آکر مزدوری کررہا تھا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر