منی بجٹ ، عوام ریلیف سے محروم ، اشیاء کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ ، کاروباری طبقہ بھی پریشان

منی بجٹ ، عوام ریلیف سے محروم ، اشیاء کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ ، کاروباری ...

لاہور(افضل افتخار) منی بجٹ میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی مارکیٹوں میں نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگیا ہے جس کے تحت دکانداروں کاکاربار مزید متاثر ہوگیا ہے اوروہ پریشانی کا شکار ہیں اس حوالے سے رو زنامہ پاکستان کے سروے میں دکانداروں نے منی بجٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال بارے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ لبرٹی مارکیٹ سے تعلق رکھنے والے میاں نصیر،خواجہ عامر ،زبیر خان،نوید خان،شبیر عثمانی اور حیدر علی نے کہا کہ منی بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا پہلے ہی مہنگائی بہت تھی اب اس میں مزید اضافہ ہوجائے گا اور اس سے ہمارا کاروبار بہت متاثر ہوگا مہنگائی کی وجہ سے پہلے ہی گاہگ خریداری کے لئے نہیں آرہے اب رہی سہی کسر اس بجٹ نے پوری کردی ہے ۔ حکومت نے چھوٹے تاجروں کے فائدہ کے لئے کوئی کام نہیں کیا ۔اس حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے حفیظ سنٹر کے موبائل فون تاجروں رفیق بھٹی،عامر نصیر،آصف بھٹی،حارث سعد،شبیر علی،حماد رضا نے کہا کہ موبائل فون ایک منافع بخش انڈسٹری ہے اور اس سے حکومت خوب زرمبادلہ کماسکتی ہے مگر جدید موبائل فونز پر ڈیوٹی بڑھا کر حکومت نے اس کی فروخت میں نمایاں کمی کردی ہے آئے روز اب نئے جدید فونز عوام کی ضرورت بن گئے ہیں اور ان کی فروخت اسی صورت ممکن ہے اگر ان کی قیمت کم کی جائے مگر ہر بجٹ میں اس کاروبار کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے پاکستان میں اب ہر شخص ہی ٹچ موبائل کا استعمال کرنا چاہتا ہے مگر اب نئے بجٹ میں اس کی قیمت بڑھا کر اس کو ان کی پہنچ سے ہی دور کردیا گیا ہے اور ہمیں بھی اس سے بہت مالی نقصان ہورہا ہے ۔ سگریٹ کا کاروبار کرنے والے پان منڈی کے دکاندار منور حسین،بشیر بلا،شہزاد چاند،قیوم،زبیر راجہ نے کہا کہ ہم مدتوں سے سگریٹ کا کاروبار کرتے آرہے ہیں مگر اب تو یہ کام کرنا ہی بہت مشکل ہوگیا ہے اورضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان میں چھوٹے کاروباری طبقہ کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے اور ان کے معاشی مسائل حل کئے جائیں کیونکہ اس وقت سب سے زیادہ مشکل میں ہم ہیں ہر مرتبہ سگریٹوں کی ڈبی پر ٹیکس لگا دیا جاتا ہے جس سے ہمارے لئے گھر چلانا مشکل ہوگیا ہے اور ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ اس جانب توجہ دی جائے اور کم از کم چھوٹے تاجروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے تاکہ ان کی مشکلات میں آسانی پیدا ہو جب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ہم نے بہت امیدیں لگائی تھی مگر اب تک کسی نے ہمیں ریلیف نہیں دیا اور ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں ریلیف دیا جائے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1