اپوزیشن کا بجٹ پر شور شرابہ چائے کی پیالی میں طوفا ن ثابت ہو ا ،اعجاز چودھری

اپوزیشن کا بجٹ پر شور شرابہ چائے کی پیالی میں طوفا ن ثابت ہو ا ،اعجاز چودھری

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے نیا بجٹ پیش کرکے مہنگائی کا شور برپا کرنے والوں کے منہ بند کردیئے ہیں،اپوزیشن کا بجٹ پر شور شرابہ چائے کی پیالی میں طوفا ن ثابت ہو ا ہے ،معیشت پر سیاست کرنے والوں کو مایوسی ہوئی ہے عوام نہ کل انکی باتوں میں آئے نہ انشاء اللہ آئندہ کبھی آئے گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے،پی ٹی آئی کا راستہ ملکی ترقی کا راستہ ہے ہماری منزل واضح اور موقف دو ٹوک ہے کسی کرپٹ سیاستدان سے کمپرومائز قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو ٹریک پر لانے کیلئے فنانشل ایمرجنسی کانفاذ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی آئی ایم ایف جیسے کسی ادارے سے ظالمانہ شرائط پر قرض لیا جائے گا ضرورت پڑی تو ایسی شرائط پر حکومت قرض لے گی جن سے عام آدمی کی زندگی پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔انہوں نے کہاکہ ودہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ ، شادی ہالوں کا ٹیکس کم کرنااور قرض حسنہ خوش آئند ہے ،غریب آدمی کیلئے بیٹی کی شادی آسان ہو جائے گی،قرض حسنہ، غریبوں کے لیے گھر بنانے اور گھر بنانے والوں کو مراعات دینے سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا کیونکہ مہنگائی کے اس دور میں ایک غریب آدمی کے لیے گھر بنانا مشکل ہو گیا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہاؤسنگ اور زراعت پر ٹیکس کم کیا گیا، ٹیکسوں میں کمی صنعتی انقلاب کی طرف مثبت قدم ہے،حکومت نے تاجر برداری کے لیے ٹیکس میں چھوٹ دی ہیں جس کی اشد ضرورت تھی،ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے لوگوں کی اکثریت نے بینکوں کے ذریعے رقم نکالنے اور جمع کرانا بند کر دیا تھا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1