سانحہ ساہیوال نے حکومتی نا اہلی کا پول کھول دیا، عبدالغفار روپڑی

سانحہ ساہیوال نے حکومتی نا اہلی کا پول کھول دیا، عبدالغفار روپڑی

  



لاہور(نمائندہ خصوصی ) سانحہ ساہیوال نے حکومتی نا اہلی کا پول کھول دیا۔ بدترین لاقانونیت پر مبنی فعل کی حمایت اور دفاع کی بجائے حکومت ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ اپنی نا اہلی کو چھپانے کیلئے حکومت اور متعلقہ ادارے بے گناہ پاکستانی کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تحقیقات کے بغیر بے گناہ شہریوں کو بدترین کارروائی کا نشانہ بنانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیس ہے جس میں تحقیقات سے پہلے کارروائی عمل میں لائی گئی اور بے گناہ انسانوں کی اذیت ناک موت کے بعد تحقیقات کا عمل شروع ہوا۔ اندھے اختیارات کی صورت میں ہونے والی بدترین لاقانونیت کے باعث پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی بھی ہوئی۔ حکومتی عہدیداران جھوٹ کا سہارا لینے کی بجائے حقیقت عوام کے سامنے لائیں اور گھناؤنی کارروائی میں ملوث لوگوں کو عبرت کا نشان بنائے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں خطبہ جمعہ کے دوران حاضرین کے اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سانحہ ساہیوال پر بہانے تراشنے کی بجائے غلطی تسلیم کریں، پوری قوم سے معافی مانگیں اور خرابیوں کا ازالہ کریں۔ ملک و ملک کے مسائل کا حل اور استحکام اسلامی نظام کے مکمل نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ ریاست مدینہ میں بے گناہ کو قتل کرنے کی سزا کو مدنظر رکھتے ہوئے سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کا فیصلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ایک ہی سال میں تین بجٹ اور عوام پر بھاری ٹیکسز نے عوام کے اعتماد اور مینڈینٹ کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ 100دنوں میں ملک کی مٹی کو سونا بنانے کے دعوے کرنے والے 6 ماہ گزر جانے کے باوجود ملکی نظام کی صحیح سمت واضح نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیانات کا سلسلہ ختم کر کے عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔ دریں اثنا انہوں نے کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مذموم کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دینا ناگزیر ہے۔ مجرمانہ غفلت اور خاموشی کشمیریوں کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔ حکومت مسئلہ کشمیر کو ترجیحات میں شامل کرے اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے آزاد کروانے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ نماز جمعہ کے بعد سانحہ ساہیوال میں لقمہ اجل بننے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور ملک و ملت کی سلامتی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1