عوام کے جانومال کا تحفظ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے ، حافظ ادریس

عوام کے جانومال کا تحفظ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے ، حافظ ادریس

لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال اور عزت کاتحفظ دینا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے مگر جب حکمران ہی عوام کی جانوں سے کھیلنا اور مال لوٹنا شروع کردیں تو عوام کس سے فریاد کریں ۔عدالتیں لوگوں کو انصاف دینے میں ناکا م ہوچکی ہیں ،عدالتوں کے دروازے سونے کی چابی سے کھلتے ہیں ۔کسی غریب کے بس کی بات نہیں کہ وہ لاکھوں روپے خرچ کرسکیں۔ تحریک پاکستان میں حصہ لینے اور پاکستان کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردینے والے عظیم لوگوں کی اولادوں پرفرض ہے کہ وہ پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کریں ۔پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کا وعدہ کرکے ووٹ لینے والوں نے عوام کو مایوس کیا ہے ۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ ملکی ترقی اور خوشحالی کا انحصار ملک میں عدل و انصاف کے قیام پر ہے لیکن ایسا عدل نہیں کہ حکمرانوں کیلئے الگ اور عام آدمی کیلئے الگ قانون ہو،سب کیلئے یکساں قانون ضروری ہے ۔ حکمرانوں نے عادلانہ نظام حکومت کا تصور ہی ختم کردیا ہے ۔ریاست مدینہ کے حکمران خلفائے راشدین نے حکمرانی کا جو معیار قائم کردیا تھا اس پر چلتے ہوئے ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کیا جاسکتا ہے حافظ محمد ادریس نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا مگر آج تک ملک کے اقتدار پر وہ لوگ قابض رہے ہیں جو نہ صرف اسلامی تعلیمات سے بے بہرہ ہیں بلکہ ان کا تحریک پاکستان سے بھی کوئی تعلق نہیں تھااور وہ اسلام کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جب حکمران اسلام کے خادم تھے تو دنیا کی سپر طاقتیں ان کے سامنے سرنگوں ہوگئی تھیں آج حکمران اسلام سے دور بھاگتے ہیں تو عزت و عظمت اور وقار بھی ان سے دور بھاگتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عزت و وقار خوف خدا اور تقویٰ میں ہے لسانیت ،علاقائیت اور رنگ و نسل کے تفاخر میں نہیں ۔ حافظ محمد ادریس نے کہا کہ حکمران دعوے کر رہے ہیں کہ معیشت بہت جلد ٹھیک ہوجائے گی مگر آج تک وہ عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے ہیں ۔عوام اس دن تبدیلی محسوس کریں گے جس دن انہیں آٹا گھی دال اور چینی سستی ملے گی۔حکمرانوں نے بجلی تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے کیا کیاہے ۔مہنگائی اور ٹیکس بڑھاکر دولت اکٹھی کرنا اور غریبوں کا خون نچوڑنا ہر حکومت کا وطیرہ رہا ہے ۔حکومت نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے اور اپنے دعوؤں او ر وعدوں پر عمل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1