سٹیفنی ٹیلر کا پاکستان آنے سے انکار، میریسا کپتان نامزد

سٹیفنی ٹیلر کا پاکستان آنے سے انکار، میریسا کپتان نامزد

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان سٹیفنی ٹیلر کے پاکستان آنے سے انکار کے سبب ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن کو دھچکا پہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز کراچی میں شیڈول 3 میچز کی سیریز کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا تاہم 15 برس کے بعد پاکستان آنے والی ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی کپتان 27 سالہ سٹیفنی ٹیلر نے اپنے ذاتی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سیریز میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔سٹیفنی کے اس فیصلے سے مہمان سائیڈ کی بیٹنگ لائن کو نقصان پہنچے گا، جمیکا سے تعلق رکھنے والی سٹیفنی 91 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 16 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 20 ففٹیز کی مدد سے 36.422 کی اوسط کے ساتھ 2732 رنز جوڑ چکی ہیں۔دوسری جانب دورہ پاکستان کے لیے نامزد ویسٹ انڈیز کی کپتان میریسا آگیلیرا کا بیٹنگ ریکارڈ زیادہ بہتر نہیں، ٹرینیڈاڈ سے تعلق رکھنے والی وکٹ کیپر اوپنگ بیٹسویمن 33 سالہ میریسا 70 ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 748 رنز اسکور کر سکی ہیں جبکہ ان کا بیٹنگ اوسط محض 14.7 ہی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی