امام الحق تیز ترین ایک ہزار رنز بنانیوالے دوسرے کرکٹر بن گئے

امام الحق تیز ترین ایک ہزار رنز بنانیوالے دوسرے کرکٹر بن گئے

  



سنچورین(فہیم شبیرسے)قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے دوسرے کرکٹر بن گئے۔امام الحق نے جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں اپنے کیرئیر کی 19 ویں اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے۔انہوں نے اسی میچ میں اپنے کیرئیر کی پانچویں سنچری بھی سکور کی اور وہ 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین ہزار رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ پاکستان کے فخر زمان کے پاس ہے جو انہوں نے 18 اننگز میں بنایا۔اس کے علاوہ بابر اعظم، ویون رچرڈز، کیون پیٹرسن، کوئنٹن ڈی کوک اور جوناتھن ٹروٹ 21 اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کر کے تیسرے نمبر پر ہیں۔پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں امام الحق کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امام الحق نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 86 رنز کی اننگز کھیلی تھی لیکن سلیکٹرز امام الحق کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آرام دے کر نوجوان صاحبزادہ فرحان کو کھلانا چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق جوہانسبرگ میں انضمام الحق کی سرفراز احمد اور مکی آرتھر سے میٹنگ میں امام الحق کو ون ڈے سیریز کے بعد وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر کی بھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہو گی۔پاکستان کی اننگز کا آغاز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان کریں گے ، مڈل آرڈر میں بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حسین طلعت، آصف علی اور سرفراز احمد ہوں گے۔شاداب خان اور عماد وسیم آل راونڈرز ہوں گے جبکہ فاسٹ بولنگ کا شعبہ محمد عامر، حسن علی، فہیم اشرف، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہو گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے میچ یکم، 3 اور 6 فروری کو کھیلے جائیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی