ورلڈکپ میں شرمناک شکست ، شہباز سینئر کا استعفیٰ ڈرامہ نکلا

ورلڈکپ میں شرمناک شکست ، شہباز سینئر کا استعفیٰ ڈرامہ نکلا

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)ورلڈ کپ اور ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی شرمناک شکست کے بعد شہباز سینئر کا پاکستان ہاکی فیڈریشن سے استعفیٰ ڈرامہ ثابت ہوا، ہاکی فیڈریشن نے شہباز سینئر پر خصوصی نوازشات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہاکی کی عالمی تنظیم "ایف آئی ایچ "میں انکی سیٹ پکی کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں منعقدہ ایشین گیمز اور بھارت میں کھیلے گئے ہاکی ورلڈ کپ میں بد ترین کارکردگی کے بعد شہباز سینئر نے حکومت کی جانب سے فنڈز نہ ملنے کا بہانہ بناتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفی دیدیا تھا اور ان کی جگہ ہاکی فیڈریشن کے خازن اخلاق عثمانی کو اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی تھی تاہم حیران کن طور پر شہباز سینئر کے استعفی کے باوجود انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن میں شہباز سینئر کی جگہ دوسری نامزدگی نہیں کی گئی اور ایف ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ میں میں پاکستان کی نمائندگی کی سیٹ پکی کر دی گئی ۔ دوسری جانب ایف آئی ایچ ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان کے نمائندے کی حیثیت سے شہباز سینئر پرو لیگ میں شیڈول کے مطابق شرکت نہ کرنے پر پاکستان کی معطلی کے حمایتی نکلے اور پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے پر ایف آئی ایچ کی جانب سے معطلی کی سزا سے پاکستان کو بچانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے میں ناکام رہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایف آئی ایچ ایگزیکٹو بورڈ میں شہباز سینئر کو 2022 تک شامل کیا گیاہے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی