دھند کے باعث گدو پاور ہاؤس کے 11یونٹس ٹرپ سندھ ، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بجلی معطل

دھند کے باعث گدو پاور ہاؤس کے 11یونٹس ٹرپ سندھ ، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں ...

کراچی،اسلام آباد،کشمور(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)گدو تھرمل پاور ہاؤس کے 11 یونٹس ٹرپ کر گئے جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ گدو تھرمل ذرائع کے مطابق پاور ہاؤس کے 16 میں سے 5 یونٹس پہلے سے خراب ہیں اور مزید 11 یونٹس ٹرپ کر جانے سے 747 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔شدید دھند کے باعث پاور ہاؤس کے یونٹس میں ٹرپنگ ہوئی ، دھند ختم ہونے یا اس میں کمی کے بعد بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال ہوجائے گی۔دوسری جانب نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ کے باعث کراچی کے بیشتر علاقوں میں بھی بجلی فراہم نہیں کی جارہی، لیاقت آباد، سی ون ایریا، محمود آباد، کورنگی، گلشن اقبال، اورنگی ٹاؤن، سولجر بازار، اولڈ سٹی ایریاز، صدر اور ڈیفنس ویو میں بھی بجلی بند ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ کے باعث سندھ کے بیشتر شہروں میں ٹرپنگ آئی اور کے الیکٹرک کا سسٹم بھی متاثر ہوا، آئی لینڈ موڈ میں جانے کے باعث نیٹ ورک محفوظ ہے، بجلی کی جزوی بحالی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔ہائی ٹرانسمیشن ٹرپ ہونے کی وجہ سے حیسکو ریجن کے 13 اضلاع کی بجلی بھی بند ہے۔حیسکو ترجمان کے مطابق حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، نوابشاہ، مٹیاری اور تھر پارکر کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ مین ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے کئی اضلاع بجلی سے محروم ہیں جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔ ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق ان کی ٹیمیں بجلی کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہیں، جلد فنی خرابی پر قابو پالیں گے۔بجلی کی ترسیلی لائنوں میں ٹرپنگ کے واقعات، نیپرا نے این ٹی ڈی سی کو بجلی کی ترسیل کانظام بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔دستاویز کے مطابق نیپرا کی جانب سے نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے پاور پلانٹس سے پیدا ہونے والی بجلی کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے نیپرا اتھارٹی کی جانب سے این ٹی ڈی سی سے کہا گیا ہے کہ گرڈ کوڈ کے مطابق سسٹم کی بحالی اور بہتری کے لیے اقدامات کئے جائیں جبکہ خستہ حال گرڈ سٹیشنوں کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ نیپرا بجلی کی ترسیلی لائنوں کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی نگرانی بھی کرے گا۔

گدو

مزید : صفحہ آخر /میٹروپولیٹن 4